ایران پرفضائی حملے،امریکہ کااسرائیل کےساتھ کھڑے رہنے کا اعلان
اسرائیل نے حملوں کا جواب دیتے ہوئے ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا،ترجمان قومی سلامتی کونسل وائٹ ہاؤس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امریکی وزیر دفاع نے ایران پر حملوں کے بعد اسرائیلی ہم منصب سے رابطہ کرکے اسرائیل کی سلامتی کے لیے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سویٹ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اپنے دفاع میں یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کا جواب دیتے ہوئے ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب چند روز قبل امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل سے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مزید کشیدگی سے گریز کرے کیونکہ واشنگٹن غزہ جنگ کے علاقائی نتائج کو محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
جنگ کے آغاز کے بعد خطے کے اپنے 11ویں دورے کے موقع پر بلنکن نے کہا تھا کہ یہ بھی بہت اہم ہے کہ اسرائیل ایسے طریقوں سے جواب دے جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔
واشنگٹن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے اسرائیلی حملوں کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا لیکن اس میں امریکا ملوث نہیں ہے۔
خیال رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے۔