یحییٰ آفریدی کی شاہد آفریدی سے رشتہ داری، پہلا چھکا لگا دیا   

عامر رضا خان 

Oct 26, 2024 | 17:02:PM

Amir Raza Khan

پاکستان کے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنےعہدے کا حلف اُٹھالیا،ان کا شاہد آفریدی سے کیا رشتہ ناطہ ہے وہ بھی بتانا ہے اور پہلا چھکا کیا لگایا یہ بھی زیر بحث آئے گا لیکن ابھی اس خبر کا مزا تو لے لیا جائے کہ  صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے چیف جسٹس سے عہدے کا حلف لیا،وزیر اعظم شہبازشریف کی تقریب حلف برداری میں شرکت، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے، گورنرز اور وزرءاعلیٰ  بشمول علی امین گنڈا پور (فرضی فاتح اسلام آباد )کی بھی تقریب حلف برداری میں شرکت ۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،عطا تارڑ اور دیگر وفاقی وزرا نے بھی اس پُر وقار تقریب میں شرکت کی، اس سے اگلی خبر خالصتاً ہمارے تحریک انصاف کے دوستوں کے لیے کہ اس تقریب کے فوراً بعد جناب چیف جسٹس ، یحیٰی آفریدی ، وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے تنہا ملاقات بھی کی ،سمجھ رہے ہیں نا بند کمرے میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی سلامتی کی دعا  اور انصاف کے اصولوں کو مرتب کیا گیا ہوگا ایسا میرا ماننا ہے لیکن دشمنان امن و سکون اب اس ملاقات کو جو کہ روائتی ملاقات ہے کو کیا رنگ دیتے ہیں یہ کسی کو نہیں پتہ لیکن ملاقات تو ہوئی ہے اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔


اب یہاں مجھے خیال آیا کہ شاہد آفریدی نئے نئے کھلاڑی بنے تھے جی ہاں ٹیم میں آئے تھے تو اس وقت کے کرکٹ بورڈ نے اپنے وقت کے معروف انگلش بلے باز جیفری بائیکاٹ کو کرکٹرز کی کوچنگ کے لیے بلایا قذافی سٹیڈیم میں نیٹ لگا جہاں بلے بازی کے اسرار و رموز سکھائے جاتے تھے یونہی چلتے چلتے میں نے جیفری بائیکاٹ سے سوال کیا کہ شاہد آفریدی کو کیا سکھایا ہے؟وہ پہلے خاموش رہے اور پھر بولے" اسے کوئی  سکھا نہیں سکتا " بڑا ہی ذومعنی جملہ تھا لیکن اسی میں ساری کہانی تھی آنے والے دنوں میں شاہد آفریدی نے یہ ثابت بھی کیا وہ کوچ ، کپتان ، ٹیم کی ضرورت کے لیے نہیں اپنے مزاج اور جسے وہ صحیح سمجھتا تھا اُس کے لیے کھیلا اُس نے تیز ترین سنچریاں بنائیں ، چھکے چوکوں کے انبار لگائے اور پاکستان کو کئی اہم میچز میں جتوایا ۔

ضرورپڑھیں:عمران، اسٹیبلشمنٹ میچ فکس کرانے والے کا نام سامنے آگیا 
یہ اپنے نئے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی بھی کچھ ایسی ہی نوعیت کے آفریدی ہیں دو عظیم کوچز (وزیر اعظم اور صدر) نے ملاقات میں جو بھی سمجھایا ہو ،بتایا ہو آفریدی نے تو باہر آکر اپنے مزاج کے مطابق ہی کھیلنا تھا سو وہی ہوا،چیف جسٹس پاکستان نے آتے ہی ایسا چھکا لگایا کہ دونوں ٹیموں یعنی حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ یہ چھکا آنے والے دنوں میں کس کے حق میں جائے گا ؟ چیف جسٹس آف پاکستان گراؤنڈ میں اُترے تو قاضی فائز عیسیٰ اپنی ٹیسٹ اننگ کھیل کر جاچکے ہیں وہ اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دیکر اس عہدے سے سبکدوش ہوئے اور جاتے جاتے پتے کی یہ بات بھی بتا گئے کہ یحیٰی آفریدی کو کبھی ساتھی جج بھی نا سمجھ سکے آپ کیا سمجھیں گے ، جملہ بڑا سادہ تھا کہ یہ والا آفریدی بھی اپنے مزاج کے مطابق ہی کام کرئے گا اور جو پہلا چھکا پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی توڑنے اور جسٹس منصور علی شاہ اور منیب اختر کو شامل کرکے لگایا ہے ، اب دیکھنا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ اور منیب اختر جو سنیئر ہوتے ہوئے بھی اب چیف جسٹس سے جونیئر پوسٹ پر ہیں اس کو قبول کرتے ہیں ۔
جسٹس یحیٰی آفریدی نے دوسرا چوکا 28 اکتوبر کو فل کورٹ اجلاس بلا کر لگایا ہے اس فل کورٹ اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ عمرے پر ہونے کے باعث شریک نہیں ہونگے لیکن جسٹس منصور علی شاہ کی واپسی پر دوبارہ فل کورٹ اجلاس ہوگا ، یعنی اب سوچیں کہ یہ چھکے چوکے کس کے لیے ہیں حکومت بھی سوچوں میں گُم ہے اور اپوزیشن بھی لیکن یحیٰی آفریدی نے آنے والے دنوں کی پیش گوئی کردی ہے چوکے بھی لگیں گے چھکے بھی اور اللہ پاک ان چوکوں چھکوں کو نا حکومت اور نا اپوزیشن عوام کے حق میں کرے۔ آمین

نوٹ:بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ایڈیٹر 

مزیدخبریں