(عامر شہزاد)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق بلدیاتی حکومتوں کو مالی اور انتظامی طور بااختیار بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے،تحصیل چیئرمینز کی مالی مراعات 30 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 80 ہزار ماہانہ کردی گئیں ہیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت بلدیاتی حکومتوں کے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب کے علاوہ محکمہ بلدیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کی شرکت کی،اجلاس میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کے وفدنے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بلدیاتی حکومتوں کو مالی اور انتظامی طور بااختیار بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبائی حکومت بانی چئیرمین عمران خان کے وژن کے مطابق بلدیاتی حکومتوں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے،بلدیاتی حکومتیں مضبوط اور بااختیار ہونگی تو عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہونگے،بااختیار بلدیاتی نظام صوبائی حکومت اور عوام دونوں کے مفاد میں ہے،بلدیاتی نمائندوں کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے انہیں اختیارات بھی ملنے چاہئیں،موجودہ حکومت بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل چیئرمینز کی مالی مراعات 30 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 80 ہزار ماہانہ کردی گئیں ہیں،حال ہی میں بندوبستی اضلاع ویلیج اور نیبرہڈ کونسلز کے لئے 466 ملین جبکہ ضم اضلاع کے ویلیج اور نیبرہڈ کونسلز کے لئے 94 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں،اسی طرح بندوبستی اضلاع کے ٹی ایم ایز کے لئے 548 ملین جبکہ ضم اضلاع کے ٹی ایم ایز کے لئے 33 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں، ضم اضلاع میں بلدیاتی حکومتوں کے تحت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے 35 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے،ضم اضلاع کے تحصیل چیئرمینوں کو گاڑیوں کی فراہمی اگلے چند دنوں میں مکمل کی جائے گی،بلدیاتی اداروں کے بقایاجات کی ادائیگیوں کے لئے خاطر خواہ فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں،اجلاس میں تحصیل لوکل گورنمنٹ رولز آف بزنس 2022 میں مجوزہ ترامیم پر غوروخوض کیا گیا،منتخب بلدیاتی نمائندوں کی طرف سے مذکورہ رولز آف بزنس میں تجویز کردہ تقریبا تمام ترامیم سے اصولی اتفاق کیا گیا،یہ ترامیم حتمی منظوری کیلئے صوبائی کابینہ میں پیش کئے جائیں گے جبکہ بلدیاتی نمائندوں کے دیگر جائز مطالبات کیلئے الگ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا،علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ان ترامیم کی منظوری سے بلدیاتی حکومتیں مزید موثر اور با اختیار ہونگی۔
بلدیاتی حکومتوں کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لینے پر بلدیاتی نمائندوں کے وفد کا وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا ،بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے30 اکتوبر کو اپنا مجوزہ احتجاج کینسل کرنے کا اعلان بھی کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور کارخانے میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے گورنرکا ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم