پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 پائلٹس سمیت جہاز کے تمام 6 اہلکار شہید

Sep 26, 2022 | 10:19:AM

 (ویب ڈیسک) پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس میں 2 پائلٹ سمیت جہاز کے تمام 6 اہلکار شہید ہوگئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں میجر محمد منیب افضل، میجر خرم شہزاد، نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ کرک کے رہائشی صوبیدار عبد الواحد شہید کی عمر 44 سال، خانیوال کے رہنے والے سپاہی محمد عمران شہید کی عمر 27 سال، کھاریاں کے رہائشی نائیک جلیل شہید کی عمر 30 سال اور سپاہی شعیب شہید کی عمر 35 سال جبکہ تعلق اٹک سے تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہرنائی میں آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کی شہادت پر اظہارِ رنج و غم کیا۔

پی پی پی چیئرمین نے حادثے میں شہید ہونے والے میجرمحمد منیب افضل اور میجرخرم شہزاد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا شہید نائیک جلیل، شہید صوبیدارعبدالوحید، شہید سپاہی محمد عمران اور شہید سپاہی شعیب کو بھی سلام۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ حالت جنگ ہو یا امن، مسلحہ افواج کے افسران و جوانوں کی ارضِ وطن کے لیے قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاک فوج کے جوانوں کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی شہادتوں پر دل غمزدہ ہے، دعا گوہوں کہ اللہ کریم شہداء کی شہادتیں قبول فرمائے اور انہیں اعلی مقام عطاء فرمائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ صرف شہداء کے اہل خانہ کا غم نہیں، پوری قوم کا غم ہے، اہل خانہ کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعاء کرتا ہوں۔

مزیدخبریں