(ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے بفرزون میں 2 ڈاکوؤں کو مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کو تیموریہ تھانے کے علاقے سیکٹر 15 اے 4 نائس بیکری کے قریب ہفتے کے روز شہریوں نے لوٹ مار کرتے ہوئے قابو کرلیا تھا اور بعد ازاں تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو بہ مشکل شہریوں کے چنگل سے چھڑا کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جو بعد میں دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیے: نامعلوم افراد کی مسجد میں فائرنگ، سکیورٹی ایجنسی کااہلکار جاں بحق
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کا بائیو میٹرک کروایا گیا ہے جس کے بعد ملزمان کی شناخت اور کرائم ریکارڈ سامنے آسکے گا۔
ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے برآمد اسلحہ میں میگزین نہیں تھا تاہم فوری طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ میگزین پستول سے نکل کر کہیں گر گیا یا کسی نے نکال لیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔