برطانیہ فلاحی ادارے کی جانب سے امدادی سامان لیکر خصوصی پرواز پاکستان پہنچ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)برطانیہ کے فلاحی ادارے فٹ بال فار پیس کی جانب سے ریلیف اشیا لے کر برٹش ائیرویز کی خصوصی پرواز پاکستان پہنچ گئی۔
امدادی راشن، ادویات اور کپڑوں پر مشتمل سامان ائیر پورٹ پر فٹبال فار پیس کی طرف سے سابق گورنر پنجاب چودھری سرور کے حوالے کیا گیا،یہ امدادی اشیا سرور فاؤنڈیشن کے اشتراک سے چارسدہ کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی جبکہ سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے چارسدہ کے ایک ہزار مزید خاندانوں میں ایک ماہ کا راشن بھی تقسیم کیا جائے گا، فٹ بال فار پیس سیلاب زدہ علاقوں میں سرور فاو¿نڈیشن کے ساتھ ملکر کام کرے گی جبکہ چودھری سرور کی ہدایت پر چارسدہ میں تین روزہ میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے جس سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں متاثرین استفادہ کر رہے ہیں، ان میڈیکل کیمپس پر مفت ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹیسٹوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
پیٹرن انچیف سرور فاو¿نڈیشن چودھری سرور نے سامان وصول کرتے ہوئے فٹ بال فار پیس کے اعتماد پر اس کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص کاشف صدیقی، سمیعہ قریشی اور دیگر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی، انہیں راشن، ادویات، کپڑوں اور ادویات کی فراہمی میں فٹبال فار پیس، یونیورسل ائیر ایکسپریس، ہینلی، برٹش ائیرویز اور سنو لیپرڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے سرور فاو¿نڈیشن چارسدہ سمیت دیگر منتخب علاقوں کے متاثرین کیلئے کام کرے گی۔
اس موقع پر چودھری سرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستانیوں ساتھ دیا ہے، حالیہ آزمائش میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں اور برطانیہ کے فلاحی اداروں کے تعاون سے سرور فاو¿نڈیشن سیلاب متاثرین کی ریلیف کیلئے کام کرتی رہے گی اور ان کی بحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ایڈریان، جوش نارمن، ایڈی بایو ایکینفینوا، بیکیری سگنا اور چرنا سامبا سمیت فٹ بال کھلاڑی پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے آگاہی اور امدادی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں، اس موقع پر چودھری سرور نے برٹش ائیرویز میں فرائض سر انجام دینے والے اوورسیز پاکستانیوں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اگر عمران کی حکومت مزید رہتی تو ہم مہنگائی کی جگہ ملک کو رو رہے ہوتے، فضل الرحمان