گورنر پنجاب نے لوکل گورنمنٹ بل 2021 پنجاب اسمبلی کو واپس بھیج دیا

Sep 26, 2022 | 18:50:PM

(24نیوز)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے لوکل گورنمنٹ بل 2021 پنجاب اسمبلی کو واپس بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے بل پر درج ذیل تحفظات آگاہ  کرتے ہوئے کہا کہ الیکشنز ایکٹ 2017 میں الیکٹرانک ووٹنگ کے طریق کار کا ذکر نہیں،مجوزہ بل سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ کا لفظ حذف کیا جائے،گورنر نے اعتراض  لگایا کہ لوکل گورنمنٹ بل کی سروس سے متعلق سیکشن 187 پر اگر اصل شکل میں عملدرآمد کیا گیا تو یہ سینئر افسروں کی حوصلہ شکنی اور افسروں کے درمیان تنازعہ کا باعث بنے گی ، اس سے نہ صرف سینیارٹی لسٹ متاثر ہو گی بلکہ آوٹ آف ٹرن پسندیدہ افسران کو پروموٹ کرنے کا راستہ بھی کھل جائے گا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کا مجوزہ بل کسی حد تک شہری دیہی تقسیم کو تسلیم کرتا ہے لیکن صرف جزوی طور پر،  اس بل میں دور دراز کے دیہی علاقوں اور چھوٹے سے درمیانے درجے کے بڑھتے ہوئے شہروں میں مناسب نمائندگی کا فقدان ہے. 
 بل کی سیکشن 7 کے مطابق تجویز کردہ 46 لوکل گورنمنٹس  37 اضلاع کی 110 ملین سے زائد آبادی کیلئے ناکافی ہیں۔

مزیدخبریں