14 سال کی عمرمیں اسٹاربننے کی وجہ سے مغروری آگئی تھی، بہروزسبزواری

ڈرامہ "خدا کی بستی" سے راتوں رات شہرت ملی، فواداور ماہرہ خان بہترین اداکار ہیں

Sep 26, 2024 | 11:33:AM

(ویب ڈیسک)سینئراداکاربہروزسبزواری نے کہا ہے کہ میں  50 سال قبل محض 14 سال کی عمر میں ہی اسٹار بن چکاتھاجس کی وجہ سے  کم عمری میں ہی مغروری آگئی تھی لیکن جلد ہی خود کو سنبھال لیااورتکبر چھوڑ کر نیازمندی اختیار کرلی۔

بہروزسبزواری نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی جہاں اپنے فنی کیریئرسمیت مختلف معاملات پر کھل کربات کی۔

بہروزسبزواری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آنے والی میگا کاسٹ فلم "نیلوفر" کی شوٹنگ پانچ سال قبل 2019 کے اختتام پر ہی مکمل ہوگئی تھی لیکن وہ فلم تاحال ریلیز نہیں ہوسکی،اس فلم میں وہ طویل عرصے بعد ایک بار پھر فوادخان اور ماہرہ خان کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

بہروزسبزواری نے ماہرہ خان اور فواد خان کی اداکاری اور شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ "ہمسفر" ڈرامے کے وقت محبت کرنے اورعزت دینے والے ہوتے تھے، اسی طرح آج بھی وہ ویسے ہی ہیں، بہروز سبزواری نے فوادخان اور ماہرہ خان کو نہ صرف بہترین اداکار قرار دیا بلکہ دونوں کی شخصیت کی بھی تعریفیں کیں۔

ایک سوال کے جواب میں سینئراداکار نے مزید کہا کہ بہت سارے نوجوان اداکار بہت اچھی شخصیت کے مالک ہیں، وہ محنت کرکے اپنا مقام بھی بنا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بہت سارے نئے اداکار ایسے ہیں جنہیں کام سے کوئی مطلب نہیں،وہ محنت کے بغیر ہی شہرت حاصل کرنے میں لگے ہوئے ہیں،وہ اپنے سینئرز تک کی عزت نہیں کرتے کیونکہ ان کا مقصد ہی صرف شہرت حاصل کرنا ہوتا ہے۔

 بہروزسبزواری کے مطابق انہیں ڈرامہ "خدا کی بستی" سے راتوں رات شہرت مل گئی تھی،اس وقت صرف ایک ہی پی ٹی وی ہوتا تھاجہاں شہرت حاصل کرنا مشکل ہوتا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں مقبولیت ملی،میری طرح میرے بیٹے شہروز سبزواری نے بھی 10 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا۔

بہروز سبزواری کے مطابق ان کے بیٹے شوبز انڈسٹری کو ان سے زیادہ بہتر جانتے ہیں، وہ پوری دنیا کے اداکاروں سے متعلق معلومات رکھتے ہیں جبکہ کتابیں پڑھنے کے ساتھ ساتھ فٹنس پر بھی توجہ دیتے ہیں۔

مزیدخبریں