بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا 

Sep 26, 2024 | 17:17:PM
بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)بنگلہ دیش کے مایہ ناز بلے باز شکیب الحسن نے  ٹی20 اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف اکتوبر میں ڈھاکہ ٹیسٹ ان کا آخری میچ ہوگا۔

بھارت کے خلاف کانپور ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جون میں ہونے والا 2024 کا ٹی 20 ورلڈ کپ ان کا بنگلہ دیش کے لیے آخری ٹی 20 ایونٹ تھا، جس کے بعد وہ صرف ون ڈے انٹرنیشنل میں ہی حصہ لیں گے،بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا فائنل شیڈول سامنے نہیں آیا ہے کیونکہ کرکٹ ساوتھ افریقہ نے حالیہ دورے کے بعد سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی تھی جس کی وجہ بنگلہ دیش میں جولائی اور اگست میں ہونے والے مظاہروں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو قرار دیا گیا تھا ۔

 شکیب عوامی لیگ کی حکومت کے رکن پارلیمنٹ تھے،جن کے خلاف مظاہرے ہو رہے تھے۔ عوامی لیگ حکومت کے 5 اگست کو خاتمے کے بعد شکیب کو پیچیدگیوں کا سامنا ہے اور وہ ملک میں نہیں ہیں جبکہ ان کے خلاف ملک میں قتل کا مقدمہ بھی درج ہے ،شکیب نے کہا، "میں جنوبی افریقہ کی سیریز کے لیے دستیاب ہوں، لیکن چونکہ بہت کچھ ہو رہا ہے، اس لیے سب کچھ مجھ پر منحصر نہیں ہے۔ میں نے بی سی بی سے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے بات کی ہے، خاص طور پر اس سیریز اور ہوم سیریز کے بارے میں۔ میں سوچ رہا تھا کہ یہ میری آخری ٹیسٹ سیریز ہو سکتی ہے۔

"میں نے بی سی بی کے صدرفاروق اور سلیکٹرز کو بھی بتایا ہےکہ  اگر موقع ملا اور میں کھیل سکا تو میرا آخری ٹیسٹ میچ میرپور میں ہوگا۔ بورڈ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ میں کھیل سکوں اور محفوظ محسوس کروں، اور ساتھ ہی ملک چھوڑنے میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔"

انہوں نے مزید کہا، "میں بنگلہ دیش کا شہری ہوں، اس لیے مجھے بنگلہ دیش واپس جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، میرا خدشہ میری حفاظت اور سیکیورٹی سے متعلق ہے، میرے قریبی دوست اور خاندان کے افراد فکر مند ہیں ،مجھے امید ہے کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں اور اس کا کوئی حل نکلے گا۔"