(اویس کیانی)وزیرِ اعظمکی نیویارک میں یو این جی اے کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سمیت اہم شخصیات سے ملاقات ہوئی ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیویارک میں یو این جی اے کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی، پاکستان کے 7 بلین امریکی ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے حوالے سے 37 ماہ کے کامیاب اسٹاف لیول ایگریمنٹ (SLA) کے لیے آئی ایم ایف کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کی تکنیکی معاونت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کی بھی تعریف کی جس سے ملک کے اداروں کو مضبوط بنانے اور اس کے معاشی انتظام کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے،آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے اپنے ادارے کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا اور میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے اور جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا،ملاقات کے دوران، انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے لیے موافقت کی مالی اعانت کو متحرک کرنے کی فوری ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے اکتوبر میں ہونے والے سالانہ اجلاسوں کے دوران وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ اس اہم مسئلے کو اٹھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف کی ورلڈ بینک کے صدر جناب اجے پال سنگھ بنگا سے بھی ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اصلاحات , غربت میں کمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تعاون کو سراہا،وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت کے پالیسی، انتظامی اور تنظیمی اصلاحات کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بتایا ، انہوں نے بتایا کہ حکومت نے توانائی، مالیات اور محصولات کے شعبوں میں اصلاحات نافذ کی ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی اصلاحات کی تکمیل کے لیے عالمی بینک کی جانب سے تعاون کا خیر مقدم کرے گا۔ انہوں نے آب نظام، توانائی اور انسانی ترقی سمیت پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جدید مالیاتی حل تلاش کرنے پر زور دیا،وزیراعظم اور عالمی بینک کے صدر نے ویژن 2025 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر یورپی کمیشن کی صدر محترمہ ارسلا وان ڈیر لیین نے ملاقات کی۔ بات چیت میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ ءخیال کیا گیا، وزیر اعظم نے محترمہ ارسلا کو یورپی کمیشن کی دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور یورپی یونین کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے کوششوں کو سراہا،وزیراعظم نے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل بات چیت اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ جی ایس پی پلس اسکیم پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے،وزیر اعظم اور یورپی کمیشن کے صدر کے درمیان یہ ملاقات عالمی امور پر باہمی مفادات اور تعاون پر فعال روابط اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔