(ویب ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف سعودیہ سے مؤخرادائیگی پرسعودی تیل کی سہولت کا موجودہ سالانہ حجم جو1.2 ارب ڈالرہے کو 2.4ارب ڈالرسالانہ تک بڑھانے کی درخواست کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب سے مؤخر ادائیگی پر تیل فراہمی کی سہولت میں اضافے کی درخواست کرینگے تاکہ زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
ذرائع نےبتایا کہ سعودی عرب پہلے ہی پاکستان کو ماہانہ100 ملین ڈالر تیل کی مؤخر ادائیگی کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ سرکاری حکام نے بتایا کہ وزیر اعظم کل سے شروع ہونے والے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت سے درخواست کریں گے کہ وہ اس سہولت کا حجم 100 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر ماہانہ کر دیں۔
یعنی پاکستان مؤخر ادائیگی پر سعودی تیل کی سہولت کا موجودہ سالانہ حجم جو 1.2 ارب ڈالر ہے کو 2.4 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانا چاہتا ہے تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کیا جا سکے جو روس یوکرین جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی بلند قیمتوں کی وجہ سے تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بجلی بحران شدید۔ لوڈ شیڈنگ جاری