(ویب ڈیسک)سعودی میڈیا کے مطابق جدہ کے ایک پکوان سینٹر پر بلدیاتی ادارے نے چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران ہوش اُڑا دینے والے انکشافات ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بلدیاتی ادارے نے حفظان صحت کے بر خلاف 30 سال سے بیت الخلاء میں سموسے بنانے والے پکوان سینٹر کو سِیل کر دیا، پکوان سینٹر میں کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری میں حفظان صحت کا خیال نہ رکھ کر شہریوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا تھا۔
پکوان سینٹر پر چھاپے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سموسہ بیت الخلاء میں بنایا جا رہا ہے جہاں لال بیگ اور دیگر حشرات الارض گھوم رہے ہیں۔
چھاپہ مار ٹیم کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت میں قائم پکوان سینٹر کے بیت الخلاء سے تعفن اُٹھ رہا تھا اور وہیں سموسے تَلے جا رہے تھے۔ ملازمین کے پاس حکومتی ہیلتھ کارڈ بھی نہیں تھا۔ اس پکوان سینٹر میں سموسوں کے علاوہ کھانے پینے کی دیگر اشیاء بھی تیار کی جاتی ہیں۔ حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری نہ کرنے پر بلدیاتی حکام نے پکوان سینٹر کو تاحکم ثانی سربمہر کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماں کی بہادری : شیر خوار بچے کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔ ویڈیو وائرل