فارن فنڈنگ کیس:ادارہ کسی قسم کا پریشر لینے کو تیار نہیں۔چیف الیکشن کمشنر

Apr 27, 2022 | 13:22:PM
فارن فنڈنگ کیس، فائل فوٹو
کیپشن: فارن فنڈنگ کیس، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی  فارن  فنڈنگ کیس کی سماعت10 مئی تک ملتوی کردی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ  ان کا ادارہ کسی قسم کا پریشر لینے کو تیار نہیں ہے، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو گا۔

 پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوئی،تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے سے روکنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ پیش کرتے ہوئے التوا کی استدعا کی۔

 انور منصور نے کہا کہ دوسری پارٹیوں کو 3 تین ماہ کی تاریخ دی جا رہی ہے، ہمارے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو رہی ہے۔جس پر  چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تینوں کیسز ایک ساتھ چل رہے ہیں، کسی پارٹی کے کیس میں کوئی تاخیر نہیں ہو رہی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ جو مرضی آرڈر دیں لیکن میں آج دلائل نہیں دونگا، جب تک باقی کیسز اس لیول پر نہیں آئیں گے کیس نہیں چل سکتا، ہمارے دستاویزات درخواستگزار کو دیئے  گئے جبکہ ہمیں دوسری پارٹیوں کے دستاویزات نہیں دیئے جا رہے۔

  تحریک انصاف کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ جب تک باقی کیس اس جگہ نہیں آتے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس نہیں چل سکتا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انور منصور صاحب، آپ کی مرضی کی تاریخ ہمیشہ دی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کے پابند ہیں، انہوں نے کمیشن کو سماعت سے نہیں روکا، ہمارے سامنے تین طرح کے کیسز ہیں۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ 101 سیاسی جماعتوں کی اسکروٹنی کی، 17 کے اکاؤنٹس میں تضاد تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن اپنا تفصیلی مؤقف دے گا جبکہ الیکشن کمیشن اپنی سماعت جاری رکھے گا۔

 چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کیس 8 سال پرانا ہے، آپ کی قیادت نے کہا ہے کیس جلدی نمٹائیں، ہائیکورٹ کے آرڈر سے پہلے بھی ہم کیس نمٹانے کی طرف جا رہے تھے، کمیشن اپنا پروسیجر خود بناتا ہے، آپ سمجھتے ہیں کمیشن تاریخیں بھی دوسری عدالت سے لے؟

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ کیس کو عید کے بعد رکھ لیں، مجھےآپ کے سامنے ثابت کرنا ہے کہ فنڈ دینے والے پاکستانی تھے، ثابت کرنا ہے کہ ساری کمپنیاں سنگل ملکیت کی کمپنیاں ہیں، میرے دلائل تو اب شروع ہوئے ہیں، مجھے ملین ڈالرز کا حساب دینا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کے دلائل اگر متعلقہ ہیں تو بے شک 6 ماہ دلائل دیں، جس پر انور منصور خان نے کہا کہ دو ہفتے کے بعد میں اپنے دلائل مکمل کر لوں گا۔

سکندر سلطان راجہ نے پی ٹی آئی کے وکیل سے کہا کہ آپ اپنی مرضی کی تاریخ بتائیں، جس پر انور منصور خان نے کہا کہ عید کے بعد کی تاریخ دے دیں، میں ایک ہفتے میں دلائل مکمل کر لوں گا۔

اکبر ایس بابر کے وکیل نے کیس میں التوا پر اعتراض اٹھایا، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے پہلے بھی 8 سال کیس سنا ہے، کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہفتہ دو تاخیر کر لیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ میرٹ پر فیصلہ ہو گا،کمیشن کسی قسم کا پریشر لینے کو تیار نہیں ہے، کسی جماعت کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی، ہم نے نہیں دیکھنا کہ باہر پانچ بندے آئے ہیں یا 5 لاکھ۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں:    تہہ خانے میں پراسرار آوازیں۔بھید کھلا تو مکین حیران رہ گئے