(امداد بُزدار) کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر 4 میں آگ لگی۔
ڈی سی او ریلوے محسن سیال کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے خاتون چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے پر زخمی ہونے کے بعد چل بسی جبکہ ایک شخص بوگی کے اندر ہی جھلس کر انتقال کرگیا۔
ٹرین حادثے کے دوران 4 بجے لاپتا ہوگئے اور کافی دیر بعد چاروں بچوں کی لاشیں جلی ہوئی بوگی سے مل گئیں، کچھ دیر بعد جلی ہوئی بوگی سے ایک اور شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: ٹریفک حادثے میں جاں بحق 9 دوستوں کی نماز جنازہ ادا ، قبرستان میں بھی پڑوسی بن گئے
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ آگ لگنے کے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق جاں بحق خاتون اور چاروں بچے ایک ہی خاندان کے ہیں۔
ڈی ایس ریلویز کے مطابق چلتی ٹرین کی بوگی نمبر 4 میں آگ لگنے کے بعد ٹرین کو بروقت روک دیا گیا، متاثرہ بوگی کو الگ کرکے ٹرین خیرپور روانہ کردی گئی۔
کئی گھنٹے بعد جلی ہوئی بوگی ٹریک سے ہٹا کر کراچی سے ا ندرون ملک جانے والا اپ ٹریک بحال کردیا گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔