(ویب ڈیسک) عید الفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ نے ابتدائی 5 دنوں میں صرف پاکستان بھر سے 8 کروڑ سے زائد کمائی کی ہے۔
سسپنس، کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور لالی ووڈ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کی پاکستان کے علاوہ متحدہ عرب امارات، امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں بھی رونمائی کے ساتھ ساتھ بزنس جاری ہے۔ عید پر ریلیز ہونے والی اس فلم میں بینک ڈکیتی کی منفرد انداز میں عکاسی کی گئی ہے، اور فلم نے عید کے ہفتے میں کے دوران ملک بھر سے 8 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے باکس آفس پر اپنا لوہا منوایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وہاج علی کا ڈرامہ ’تیرے بن‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
سابق پاکستانی لیجنڈری کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان فاسٹ بالر وسیم اکرم نے اس فلم میں بینک مینجر کا کردار ادا کیا جبکہ ان کی بیوی شنیرا اکرم اس فلم میں غیر ملکی صحافی کے کردار میں جلوہ گر ہوئیں۔ ان کے علاوہ اس فلم میں سپر سٹار فواد خان، عائشہ عمر، میکال ذوالفقار، افضل خان عرف جان ریمبو، لیجنڈری اداکار جاوید شیخ، حنا دل پزیر، مزاگوہر رشید، شایان خان، مانی، علی سفینہ، عدنان جعفر، کرن ملک، مرحوم احمد بلال، اقدس وسیم اور شفاعت علی سمیت دیگر اداکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
شوبز انڈسٹری میں الگ پہچان رکھنے والے نامور اداکار فیصل قریشی کی ڈائریکشن میں یہ فلم جاندار کاسٹ، تگڑے ڈائیلاگز اور تھریلر ایکشن کے باعث شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس فلم کے لاہور، کراچی، اسلام آباد کے علاوہ بیرونِ ملک میں بھی ہاؤس فل شو جاری ہیں۔