کراچی ۔۔ کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے 14 مزدور جاں بحق

Aug 27, 2021 | 15:09:PM

(24 نیوز)کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔

 علاقہ مکینوں نے میڈیا کو بتایا کہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث آگ پھیل گئی۔فیکٹری میں مختلف اشیاء کے بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل موجود تھا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی اور پھیل گئی۔آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے جبکہ فیکٹری کی دیواریں توڑنے کے لئے ہیوی مشینری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

 چیف فائر آفیسر مبین احمد  کے مطابق  13 فائر ٹینڈرز اور ایک سنارکل آگ بجھانے کے میں مصروف ہے، ریسکیو کی گاڑی اور  واٹر بورڈ کا ٹینکر بھی موجود ہے۔ فیکٹری میں داخلے کا صرف ایک ہی راستہ ہے ، فیکٹری کی چھت کے راستے پر بھی تالا لگا ہوا تھا جس کے باعث مزدوروں کو چھت یا نیچے جانے میں مشکلات پیش آئیں۔

مبین احمد نے نے بتایا کہ  آگ کو کنٹرول کر لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، فیکٹری میں موجود لاشیں اور  زخمیوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ فیکٹری سے اب تک 14 مزدوروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جس میں سے 10 لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ فیکٹری میں اب بھی لوگ موجود ہیں۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں 21 ملازم موجود تھے، 10 لاشوں کو اب تک نکالا جا چکا ہے جبکہ فیکٹری میں موجود دیگر لوگوں کی تلاش جاری ہے۔

 دوسری جانب وزیرا علی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی فیکٹری میں آ  گ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی نے کمشنر کرا چی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کرلیا ہے۔

مراد علی شاہ نے جاں بحق افراد کی فیملی کی بھرپور امداد اور زخمیوں کو بہترین علاج کی ہدایت کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں:بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے۔۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا


 

مزیدخبریں