(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی گلوکار وسماجی کارکن شہزاد رائے نے بھارتی اداکار انوپم کھیر کی غلطی پکڑلی،انوپم کھیر نے سوشل میڈیا پر وائرل پاکستانی بچوں کو بھارتی بچے کہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے 18 اگست کو ایک وائرل ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی جس میں گاؤں کے چند بچے عام استعمال کی چیزوں سے نہایت خوبصورت دھن بجارہے ہوتے ہیں۔
انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ بچے بھارتی ہیں اور لکھا ’’انڈیا کے ایک گاؤں میں کچھ بچوں نے مل کر اپنا بینڈ بنایا ہے، اس بینڈ کے پاس کوئی جدید آلات نہیں ہیں۔ اور انہوں نے کتنی خوبصورت ملٹری بینڈ کی دھن کا انتخاب کیا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اصل طاقت دل میں ہے۔ سلام ان بچوں کو یہ بچے کہاں ہیں‘‘۔
حقیقت تو یہ ہے کہ وائرل ہونے والی یہ ویڈیو بھارتی بچوں کی نہیں بلکہ پاکستان کے شہر گللگت بلتستان کی خوبصورت وادی ہنزہ کے بچوں کی ہے۔شہزاد رائے نے انوپم کھیر کی درستگی کرتے ہوئے ٹوئٹر پر انہیں ٹیگ کرتے ہوئے کہا ہے’’سر انوپم کھیر یہ ویڈیو شیئر کرنے کے لیے شکریہ میں نے یہ ویڈیو کچھ دن پہلے شیئر کی تھی۔ آپ کا کہنا ہے کہ یہ باصلا حیت بچے بھارت کے ہیں لیکن میں آپ کی اصلاح کرنا چاہتا ہوں کہ ان بچوں کا تعلق درحقیقت ہنزہ پاکستان سے ہے۔ میں ان بچوں کے ساتھ رابطے میں ہوں اور انہیں وہ تمام آلات موسیقی بھیجے ہیں جن کی انہیں ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ڈرم اور ڈبوں سے خوبصورت دھن بجانے والے ان بچوں کی ویڈیو شہزاد رائے نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر 11 اگست کو شیئر کی تھی اور لوگوں سے درخواست کی تھی مہربانی کرکے کوئی مجھے بتائے کہ یہ بچے کہاں ہیں میں انہیں وہ تمام آلات موسیقی دوں گا جن کی انہیں ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قازغستان :فوجی اڈے پر خوفناک دھماکوں کی گونج، 4 اہلکار ہلاک اور 60 زخمی