عالمی برادری طالبان کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔شرطیں نہ لگائے۔فضل الرحمان

Aug 27, 2021 | 18:14:PM

 (24نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پی ڈی ایم کے فیصلے شہبازشریف کرتے ہیں بلکہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر ہونے والے فیصلوں میں تمام جماعتوں کی رائے شامل ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب پی ڈی ایم نے نہیں بلکہ پیپلزپارٹی نے طے کرنا ہے کہ وہ مستقبل میں کیا چاہتی ہے۔
جمعہ کے روز ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طالبان نے طویل عرصے کے بعد دوبارہ افغانستان کا کنٹرول سنبھالا ہے اوران کی طرف سے وسیع البنیاد حکومت کے قیام کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اب طالبان پر شرائط نہ لگائے بلکہ ان کےلئے آسانیاں پیدا کرے اور اپنی شکست تسلیم کرے۔ انہوں نے کہاکہ 20سال تک افغانستان میں خون بہانے والے وہاں پر شرائط کی بات کررہے ہیں تو یہ عجیب لگتا ہے۔ مولانا نے کہاکہ پرامن افغانستان نہ صرف افغان عوام بلکہ خطے کے لئے ضروری ہے۔اس سے دوررس مثبت نتائج حاصل ہوںگے۔
 انہوں نے کہاکہ افغانستان میں ہونے والے دھماکے کی میں پرزور مذمت کرتا ہوں۔ افغانستان میں ایسی قوتیں موجودہیں جوامن کے مشن کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں مگر ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ میرے پاس اطلاعات ہیں کہ افغانستان میں کشیدہ حالات اب حل ہونے کے قریب ہیں۔ 
طالبان سے متعلق ثالثی کے کردار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں ایک سیاسی کارکن ہوں۔طالبان کے معاملات حل کرنے کے لئے ریاست سے آگے نہیں جانا چاہتا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اب بھی متحرک اور منظم ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ پی ڈی ایم کے فیصلے شہبازشریف کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں۔ماہرہ خان نے ایک مرتبہ پھر محبت کا اظہار کردیا

مزیدخبریں