افغانستان میں ہمیں تاریخی ناکامی ہوئی۔سابق بھارتی جرنیل کا اعتراف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)انڈین آرمی کے سابق لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ نے کہا ہے کہ بھارت امریکا کے حقیقی ارادوں، طالبان کی طاقت اور بدعنوان منتخب حکومت کی کمزوریوں کا صحیح اندازہ لگانے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے خود ہی مشکل میں پھنس گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک مضمون میں انہوں نے کہاکہ ہمارے سفارت کار یہ سمجھ نہیں پائے کہ بھارت کو طالبان سے معاملہ کرنے میں قومی مفاد مدنظر رکھنا چاہئے تھا نہ کہ ان کے نظریات کو رکھنا چاہئے تھا۔ جب ہمیں بہت سے اسلامی عرب ممالک، پاکستان اورایران سے تعلق رکھنے میں کوئی قباحت نہیں ہے تو ہم طالبان کے ساتھ بات چیت کیوں نہیں کرسکتے ۔
ایچ ایس پناگ نے کہا افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد بھارت جس الجھن اور پریشانی کا شکار ہوگیا ہے اس کی اہم وجہ سٹرٹیجک متبادل کا فقدان نہیں بلکہ اس کی خوش فہمی اور بروقت صحیح فیصلہ نہ لینا ہے ۔یہ بھارت کی تاریخی انٹیلی جنس ناکامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طالبان کے خلاف کھڑے ہونے کے لئے ہم شمالی اتحاد کے جن رہنماﺅں پر بھروسا کررہے تھے وہ بھی پاکستان چلے گئے اور جب طالبان کی پیش قدمی شروع ہوئی تو وہ ہمارے مفادات کو بچانے کے لئے سامنے نہیں آئے ۔ بھارت کی موجودہ پریشانی کا ایک اور سبب ہندوقوم پرست حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی آئیڈیالوجی یا نظریات ہیں، یہ افسوس کی بات ہے کہ بی جے پی افغانستان کی صورت حال کا اپنے گھریلو سیاسی فائدے کے لئے استحصال کرنے سے بھی باز نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں۔ ماہرہ خان نے ایک مرتبہ پھر محبت کا اظہار کردیا