ہمارے ڈیمز سیاست کی نذر ہو گئے، شوبز فنکارحکومت پر برس پڑے

Aug 27, 2022 | 11:49:AM

(ویب ڈیسک ) پاکستان کے مشہور اداکار وں نے بھی سیلاب متاثرین کے لئے آواز اٹھا دی، شوبز اسٹارز کے مطابق سیلاب کی وجہ سے ملک بھر میں جتنی تباہی ہوئی ہے، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ستاروں نے اپنے خیالات کا اظہار سوشل میڈیا اکائونٹس پر کیا۔

تفصیلات کے مطابق اداکار احسن خان نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار ختم ہو گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، گھر پانی کے ریلے میں بہہ گئے،متاثرین کے پاس کھانے پینے کا سامان نہیں ہے۔

ارباز خان نے کہا کہ میرا پاکستان اس وقت ڈوب رہا ہے، کئی ایسے دیہات ہیں جو صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔ معروف گلوکار وارث بیگ نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بھلا کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے، مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔

حدیقہ کیانی اپنی ’وسیلہ‘ مہم کے ذریعے خصوصی طور پر بلوچستان کے متاثرین کے لیے نقد رقم سمیت ضروری اشیا کو اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں اور وہ اپنے سوشل میڈیا اس حوالے سے اپڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔

گلوکار ابرار الحق نے بھی اعلان کیا کہ وہ رواں ماہ کے اپنے تمام میوزک کنسرٹ کی کمائی سیلاب زدگان کی مدد میں تقسیم کریں گے۔

اداکارہ و ماڈل رچل خان نے کہا کہ ، سیلاب کی وجہ سے پورے ملک بالخصوص بلوچستان، کے پی کے اور سندھ میں لوگوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا، سیلاب متاثرین خدا کے بعد صرف اور صرف ہم سے مدد کے طلب گار ہیں، ہم سب کو بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لینا چاہیے اور کھل کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔

فنکاروں کا مزید کہنا ہے بڑی بدقسمتی سے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمارے سیاستدان آج تک یہ نہیں سمجھ سکے کہ ڈیمز کیوں بننے چاہئیں، ہمارے ڈیمز سیاست کی نذر ہو گئے، کالا باغ ڈیم کا مستقبل میں کیا فائدہ ہونا تھا، یہ ہم آج تک نہیں سمجھ سکے۔

مزیدخبریں