ملک میں سیلاب کی تباہ کاریاں،کے پی کے حکومت کا بڑا فیصلہ

Aug 27, 2022 | 11:58:AM

(ویب ڈیسک )سیلاب اور بارشوں کےباعث ملک میں 24 گھنٹوں میں مزید45 افراد جاں بحق ہوجانے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 982 تک پہنچ گئی ہے، سب سےزیادہ اموات سندھ میں339 ہوئیں، خیبرپختونخوا میں سیلاب کے بعد تمام سرکاری عمارات سیلاب متاثرین کے لیےکھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر کامران بنگش کاکہنا ہے کہ وزیراعلی محمود خان نے صوبے کی سرکاری عمارات متاثرین کے لیے کھولنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ  کے پی کے  کےسیلاب متاثرہ علاقوں میں کالجز، لائبریریز سمیت تمام اعلیٰ تعلیم کے دفاتر متاثرین کے لیے کھول دئیے گئے ہیں۔

 واضح رہے کہ منڈا ہیڈ ورکس چارسدہ پر پانی کا بہاؤ2 لاکھ 60 ہزار سے کم ہو کر 1 لاکھ 35 ہزار ہوگیا۔ڈی سی چارسدہ کے مطابق گزشتہ رات منڈا ہیڈ ورکس سیلابی ریلے کے باعث ٹوٹ گیا تھا۔ملحقہ علاقوں میں گھروں کو خالی کرادیا گیا تھا، سیلاب کے باعث چارسدہ میں 17 ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔شابڑہ، فقیرآباد، آگرہ، گل آباد اور کتوزئی سب زیادہ متاثرہ علاقے ہیں، خیالی پل کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی سطح اب بھی بلند ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل سے فری کال کی سہولت فراہم کر دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چئیرمن پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زیرو بیلنس پر فری کال کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ اقدام عوام کے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں