نادیہ خان کو پاکستان قومی فٹبال ٹیم کے لیے منتخب کر لیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) آئندہ ماہ ساف ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کے لیے پاکستان ویمن ٹیم میں منتخب ہونے والی 21 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی فٹبالر نادیہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم کے لیے منتخب ہونے پر فخر ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں میدان میں ساتھی کھلاڑیوں کو جوائن کرنے کے لیے تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق نادیہ خان کا کہنا ہے کہ فٹ بال میں ہمیشہ بلند اہداف رکھے ہیں، امید ہے ایک دن خواتین کی ٹاپ لیگ ویمن سپر لیگ بھی کھیلوں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے ساف ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، ماریہ خان کپتان اور ملیکہ نور نائب کپتان جبکہ عدیل رزقی کوچ ہوں گے۔
نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں ہونے والی چیمپئن شپ کا آغاز 6 ستمبر سے ہوگا، فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر گزشتہ ہفتے بھارت پر پابندی لگائی تھی لیکن ساف چیمپئن شپ کے ابتدائی شیڈول میں بھارتی ٹیم بھی شامل ہے۔چیمپئن شپ میں پاکستان کا پہلا میچ بھارت سے ہونا ہے ۔
یاد رہے کہ نادیہ خان دوسری اوورسیز پاکستانی ہیں جو پاکستان ٹیم میں شامل ہوئی ہیں۔ اس سے قبل یواےای سے تعلق رکھنے والی ماریہ خان بھی پاکستان کیمپ کو جوائن کرچکی ہیں۔