جسمانی ریمانڈ کیخلاف اپیل خارج، شہباز گل نے بڑا قدم اٹھا لیا

Aug 27, 2022 | 14:49:PM

(24نیوز)پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل خارج کرنے کا عدالتی فیصلہ اور دو روزہ ریمانڈ کیلئے سرکار کی اپیل منظور کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا اور سپریم کورٹ میں شہباز گِل کی دائر اپیلوں میں ایڈیشنل سیشن جج وفاق،ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شہباز گِل کی دائر اپیلوں میں آئی جی اسلام آباد، ایس ایچ او تھانہ کوہسار اور بیرسٹر غلام مصطفیٰ چانڈیو کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کاجسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیشن جج زیبا چودھری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بھی کالعدم دیا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز گِل کے خلاف  12 اگست کے بعد کی تمام تحقیقات،شواہد کو غیر قانونی قرار دیا جائے، اُن کی حراست کو غیر قانونی اور بنیادی حقوق کے خلاف ڈکلیئر کیا جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا جسمانی ریمانڈ سے متعلق سرکار کی اپیل منظور کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا جائے،اس کے علاوہ شہباز گِل پر تشدد کی انکوائری کیلئے آزاد، غیرجانبدار میڈیکل بورڈ بنایا جائے۔

 دوسری جانب  پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی ،عدالت نے پولیس کو پیر تک ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دیدیا، پولیس نے شہباز گِل کیس کا ریکارڈ آج بھی عدالت میں پیش نہیں کیا،ایڈیشنل سیشن جج طاہر محمود سپرا نے کیس کی سماعت کی اور تفتیشی افسر سے متعلق استفسار کیا جس پر پولیس حکام نے کہا کہ تفتیشی افسر سے رابطہ ہوا تھا لیکن ابھی وہ پہنچا نہیں ہے،عدالت نے پولیس حکام سے کہا کہ تفتیشی سے رابطہ کریں، پھر بتائیں، پولیس نے بتایا کہ تفتیشی افسر کا فون اب بند ہے رابطہ نہیں ہو رہا۔

 پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہم ابھی عدالتی حکم کے مطابق پھر معلوم کر کے بتا دیتے ہیں،پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ ابھی ریکارڈ پیش ہو بھی جائے تو میں دلائل نہیں دے سکتا، مجھے بھی ریکارڈ دیکھنا ہے میری بھی ابھی تیاری نہیں،پراسیکیوٹر رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ پیر کیلئے کیس رکھ لیں ہم پیش ہو جائیں گے۔

 وکیل شہباز گِل نے کہا کہ بہت زیادتی کی بات ہے کہ پولیس مسلسل تاخیر کر رہی ہے،اس موقع پر جج طاہر محمود سپرا نے ریمارکس دیئے کہ پولیس کو پھر آخری موقع دے دیتے ہیں۔

 بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان ،محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

مزیدخبریں