عمران خان کے لیے ایک اوربڑی مشکل کھڑی ہو گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ٌ)سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف برطانیہ کے چیریٹی کمیشن میں درخواست دائر کروا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن برطانیہ لیگل ونگ کے سربراہ اور صدر چوہدری انصر محمود نے چیریٹی کمیشن لندن کے چئیرمین کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف درخواست جمع کروائی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں لوگوں سے جھوٹ بول کر اور دھوکہ دے کر غیر اخلاقی طور پر خیرات کے نام پر فنڈ جمع کیے گئے، عمران خان نے غریبوں کے لیے جمع کی گئی خیرات سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی۔
ن لیگی رہنما کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، فنانشل ٹائمز اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلےکی روشنی میں عمران خان اور ان کی جماعت کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا ثابت ہو چکا ہے کہ تحریک انصاف نے غیر قانونی طریقے سے فارن فنڈنگ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔