ایک جماعت ملک کے خلاف سازش کررہی ہے:وزیر اعظم

Aug 27, 2022 | 16:30:PM

(ویب ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک جماعت ایسی سیاست کررہی ہے جس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، میں نے اپنی زندگی میں ایسی سیاست کبھی نہیں دیکھی کہ آپ پاکستان کے اعلیٰ ترین مفادات کو قربان کر کے ذاتی مفاد کو اوپر لے جائیں، ملک کے خلاف اس سے بڑی سازش نہیں ہوسکتی۔

سجاول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کل آئی ایم ایف کی بورڈ میٹنگ ہے اور ایک جماعت سیاست کررہی ہے اور وہ بھی ایسی سیاست کہ جس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔میں نے اپنی زندگی میں ایسی سیاست کبھی نہیں دیکھی کہ آپ پاکستان کے اعلیٰ ترین مفادات کو قربان کر کے ذاتی مفاد کو اوپر لے جائیں، پاکستان کے ساتھ اس سے بڑا ظلم و زیادتی اور ملک کے خلاف اس سے بڑی سازش نہیں ہو سکتی۔

شہباز شریف نے کہا ہے خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی سیلاب سے متاثرہ تمام خاندانوں کو 25 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ بلوچستان کے بعد سندھ میں اس رقم کی تقسیم شروع ہوچکی ہے۔یہ رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جارہی ہے کیونکہ ان کے پاس تمام تر اعداد و شمار موجود ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ مکمل منظم ہیں۔

ضرور پڑھیں : سیلاب میں پھنسے خاندان کو بچانے کی ویڈیو وائرل

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ قومی خزانے سے 38 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے اور فی خاندان 25 ہزار روپے ملیں گے۔ یہاں دیگر مسائل ہیں کہ بجلی موجود نہیں ہے یا ٹرانسفارمر جل گئے ہیں جس کے لیے وزیر توانائی سندھ میں قیام کریں گے اور حیدرآباد سمیت پورے سندھ بلکہ پاکستان میں جہاں جہاں بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے اسے بحال کرنا ان کی ذمہ داری ہو گی۔

مزیدخبریں