جلاؤ گھیراؤ میں میرے کارکن نہیں کوئی اور ملوث تھا، عمران خان الزامات سے منحرف

Aug 27, 2023 | 13:01:PM

(طیب سیف )9 مئی کو ملک بھر میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پر جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 6 مقدمات میں تفتیش کی، سابق وزیر اعظم  پھر سے تفتیشی ٹیم کے سامنے مکر گئے ۔ 

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی سے متعلق دہشتگردی کے 6 مقدمات درج ہیں جن پر ان سے تفتیش کی گئی ،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور سمیت پوری جے آئی ٹی ٹیم نے عمران خان سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق سوالات کیے، چیئرمین پی ٹی آئی ایک بار پھر 9 مئی کے واقعات سے منحرف ہو گئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے کہا کہ 9 مئی کے بارے میں آپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا میں گرفتار ہو گیا تھا، کسی کو فون کر کے اشتعال نہیں دلایا۔

 جے آئی ٹی ارکان کا کہنا تھا ایسی ویڈیوز اور کلپس موجود ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں، جس پر عمران خان کا کہنا تھا کسی کو نہیں اکسایا سب اپنے طور پر کنٹومنٹ کے علاقے میں گئے، جلاؤ گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں کوئی اور ملوث تھا،ذرائع جے آئی ٹی کا بتانا ہے کہ ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا وکیل کو عدالت میں بلائیےگا ہم تفتیش کرنے آئے ہیں، جےآئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جمعے کو 30 منٹ اٹک جیل میں ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:سرکار تے ساڈی اپنی اے، شاہی افسران کا بجلی بل بھی عوام کے کھاتے سے جانے لگا

یاد رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں عدالت کی جانب سے گرفتاری کے احکامات کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی گئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

مزیدخبریں