(زین مدنی) وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت تھیٹر کے نام پر بیہودگی پھیلانے والوں سے بلیک میل نہیں ہوگی۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ فحاشی اور عریانی پھیلانے والے عناصر فنکاروں کے ترجمان بننے کی کوشش مت کریں، جینوئن فنکار بیہودگی کے خلاف کریک ڈاؤن پر حکومت پنجاب کے ساتھ ہیں۔فحش مجرے کروانے والے عناصر فنکاروں کے نمائندے تسلیم نہیں کیے جا سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت ایسے عناصر کی دھمکیوں اور دباؤ میں نہیں آئے گی۔ تھیٹر کو فحش مجروں کی آماجگاہ بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گاْ۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں ملوث عناصر پر بھی ہاتھ ڈالا جائے گا، عامر میر ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کا سخت احتساب کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم متعارف کروا رہی ہے، ڈراموں میں ڈانس پر پابندی لگا دی جائے گی۔ ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے پروڈیوسرز کو سزائیں اور جرمانے ہونگے۔
مزید پڑھیں: کیا خواتین مردوں سے زیادہ دھوکے باز ہوسکتی ہیں؟ بڑا انکشاف
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد نیا ڈرامہ ایکٹ نافذ کیا جائے گا۔ سیل کیے گئے کمرشل تھیٹرز نئے ڈرامہ قوانین کے نفاذ تک بند رہیں گے۔ لاہور کے تھیٹرز ڈرامہ ایکٹ کی واضح خلاف ورزی پر بند کیے گئے۔لاہور ڈویژن سے باہر کے تھیٹروں کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس تھیٹر میں بھی بیہودگی پھیلائی گئی اسے بند کر دیا جائے گا۔