کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع

Aug 27, 2024 | 09:41:AM
کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کا آغاز ہوگیا، کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق شہر قائد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوچکی ہے، ملیر اور ایئرپورٹ کے اطراف میں گرج چمک کے ساتھ برسات ہوئی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، اسکیم 33، سعدی ٹاؤن، جیل چورنگی اور پی ای سی ایچ ایس سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔گلشن معمار، احسن آباد، ڈیفنس فیز ون، محمود آباد اور منظور کالونی میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے طاقتور سسٹم کے زیر اثر کراچی میں بارشوں کا سلسلہ 31 اگست تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

حیدرآباد، ٹھٹہ، مٹیاری، بدین، تھرپارکر، سانگھڑ، نواب شاہ اور میرپور خاص سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی،اس کے علاوہ منگھو پیر، بفرزون، احسن آباد اور ایم نائن موٹروے ناگوری سوساٹی میں بارش ریکارڈ کی گئی، مختلف علاقوں میں برسات کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: سمندر میں طغیانی کا خدشہ رین ایمرجنسی سیل قائم

 دوسری جانب  اسلام آباد میں بھی  مسلسل بارشوں کی وجہ سےٹریفک کا نظام متاثر ہو رہا ہے، اسلام آباد ٹریفک  پولیس کے افسران فیلڈ میں اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں۔ 

ٹریفک ذرائع کے مطابق شہر کے نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر پانی بھر رہا ہے جو کے گاڑی کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے، ایکسپریس ہائی وے کے  زیرِ تعمیر پارک روڈ پر  نا ہموار سطح میں پانی بھرنا شروع ہو گیا ہےاور سڑک کے ساتھ کچے حصے میں گاڑی پھنسنے کا اندیشہ ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس  نے ہدایات جاری کرتےہوئے کہنا ہےکہ معزز شہریوں سے گزارش ہے مندرجہ بالا راستوں پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں،  اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو احتیاطی تدابیر اپنائیں، ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں خصوصی طور پر لین ڈسپلن برقرار رکھیں اور موقع پر موجود ٹریفک افسران کی ہدایات پر عمل کریں۔