سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں 80کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کا امکان

Aug 27, 2024 | 12:47:PM

(ویب ڈیسک)پاکستان کے دوست ملک سے سرمایہ کاری کیلئے اہم خبر آئی ہے،پاکستان میں ریکوڈک میں سعودی عرب کی جانب سے 80کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ رواں ہفتے ہونے کا قوی امکان ہے۔ 

نجی ٹی وی  کی رپورٹ  کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے 80 کروڑ ڈالر میں سے 65 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری اور 15 کروڑ ڈالر چاغی میں ڈویلپمنٹ کے لیے خرچ ہوں گے جبکہ سعودی عرب سے ریکوڈک میں سرمایہ کاری ایک ہی ٹرانچ میں موصول ہو گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے 80کروڑ ڈالر  کی سرمایہ کاری کا معاہدہ رواں ہفتے ہوگا، سرمایہ کاری معاہدہ طے  پا جانا آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ سے قرض کی منظوری کے لیے معاون ثابت ہوگا جبکہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری اور قرض رول اوور کے بعد چین بھی قرض رول اوور کرے گا۔ 

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو آج ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے لیے وزارت توانائی کے حکام بریفنگ دیں گے اوربریفنگ کے بعد حتمی منظوری کے لیے  معاہدہ آئندہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش ہوگا۔  سعودی عرب سے سرمایہ کاری لانے میں سول ملٹری فورم ایس آئی ایف سی نے کردار ادا کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا۔

ضرورپڑھیں:بلوچستان میں دہشتگردی، وفاقی وزیرداخلہ آج کوئٹہ جائیں گے

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی عرب کے ساتھ گزشتہ 8 ماہ سے بات چیت چل رہی تھی، سعودی عرب ریکوڈک کے ایکسپلوریشن لیز بلاک 6 اور بلاک 8 میں بھی سرمایہ کاری کرےگا جبکہ سعودی عرب سے ریکوڈک میں مجموعی سرمایہ کاری کا تخمینہ 10 ارب ڈالر تک لگایا جا رہاہے، پاکستان سعودی عرب سے موخر ادائیگیوں پر تیل سہولت کو بھی دوبارہ حاصل کرنا چاہتا ہے، ادھار تیل کی سہولت دوبارہ شروع ہونے سے سعودی عرب سے  پاکستان میں 2 ارب ڈالر آئیں گے، رواں مالی سال سعودیہ سے 2 ارب ڈالر آنے سے ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ بھی کور کیا جاسکے گا۔ 

یاد رہے سعودی اور پاکستان کے درمیان مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت دسمبر 2023 تک جاری رہی تھی۔ 

مزیدخبریں