اولادکی خاطرکبھی دوسری شادی نہ کریں،سکینہ سموں کامشورہ
خاتون اپنے اور اولاد کے اخراجات خود اُٹھا سکتی ہوتو دوسری شادی نہیں کرنی چاہیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ و ہدایت کارہ سکینہ سموں کا کہنا ہے کہ طلاق یافتہ مرد و خواتین کے پاس اگر اولاد کی نعمت ہے تو انہیں دوسری شادی نہیں کرنی چاہیے۔
معروف اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اپنے کیریئر اور نجی زندگی سمیت معاشرتی مسائل پر خیالات کا اظہار کیا۔
سکینہ سموں نے دورانِ انٹرویو محدود کام کرنے کی وجہ اپنی دو ٹوک اور سیدھی بات کرنے کی عادت کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ میں جانے انجانے میں سیدھی بات کرجاتی ہوں جس سے لوگ خفا ہو جاتے ہیں اور پھر کاسٹ کرنے کے باوجود بھی ڈرامے میں کام نہیں کرواتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو جانے یا انجانے میں تکلیف دی ہو تو میں فوراً ان سے معافی مانگ لیتی ہوں کہ پتہ نہیں سامنے والے نے میری بات کو کس انداز میں لیا جبکہ میری نیت بُری نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے کہا کہ معافی مانگنے کے باوجود بھی کئی لوگ مجھے تسلی دیتے ہیں کہ آپ کو فلاں ڈرامے میں کاسٹ کریں گے لیکن جب ڈرامہ آن ایئر ہوتا ہے تو پتہ چلتا ہے کہ اس میں تو مجھے کام کرنا تھا۔
سکینہ سموں نے دورانِ گفتگو طلاق یافتہ افراد کو بچوں کی خاطر دوسری شادی نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ طلاق یافتہ چاہے مرد ہو یا خاتون اگر ان کے بچے ہیں تو بچوں کی خاطر دوسری شادی نہ کریں، اگر خاتون اپنے اور اپنی اولاد کے مالی اخراجات خود اُٹھا سکتی ہےتو اسے ہرگز دوسری شادی نہیں کرنی چاہیے۔
سکینہ سمو ں نے کہا کہ سگے والدین سگے ہی ہوتے ہیں،سوتیلے وہ پیار اور محبت دوسرے کی اولاد کو چاہ کر بھی نہیں دے سکتے، میں نے والدین کی رضامندی سے پسند کی شادی کی تھی تاہم یہ شادی زیادہ عرصے قائم نہ رہ سکی۔