پنجاب میں آئندہ 4 روز تک مسلسل بارش کی پیشگوئی،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

Aug 27, 2024 | 17:27:PM

(روزینہ علی ) پنجاب ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کو مدنظر رکتھےہوئے بتایا ہے کہ مون سون بارشوں کا نیا سپیل آج شام سے شروع ہوگاجو 31 اگست تک جاری رہے گا۔    

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اٹک میں 51 ملی میٹر، جہلم 46، چکوال 42، راولپنڈی 32، سیالکوٹ 31، بھکر 27، شورکوٹ 24 جبکہ مری میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، 31 اگست تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، قصور، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بارشیں متوقع ہے ، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، خانپور اور رحیم یار خان میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ 
  ڈی جی  پی ڈی ایم اے  نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے  جبکہ کوہ سلیمان رینج میں شدید بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔ 

پی ڈی ایم اےنے کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت  کی ہے،ڈی جی عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کے بارے صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں  24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے،عوام الناس سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد  یقینی بنائیں، سیاح، مسافر اور کسان حضرات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں ،خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پرانی عمارتوں کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں ۔ 

مزیدخبریں