بینظیر کی 13ویں برسی آج، بلاول،مریم سمیت دیگر اہم قائدین خطاب کرینگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 13ویں برسی اتوار کو منائی جائیگی، گڑھی خدابخش میں تقریب کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے، جلسہ گاہ میں کارکنوں کی بڑی تعدادپہنچ گئی، بلاول بھٹو،مریم نواز سمیت دیگر اہم قائدین خطاب کریں گے۔ طبیعت ناساز ہونے پر سابق صدر آصف علی زرداری کی عدم شرکت پر ان کا بھی جلسہ سے ویڈیو لنک خطاب متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی13ویں برسی 27 دسمبر کو منائی جارہی ہے جس کےلئے گڑھی خدا بخش بھٹو میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں پہلی بار پیپلز پارٹی کے قائدین کے ساتھ پی ڈی ایم کے رہنما مریم نواز،عبد الغفور حیدری سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین گڑھی خدا بخش کے سٹیج سے عوام سے خطاب کریں گے۔
شہدا کے مزار اور جلسہ گاہ کو بینرزاور پارٹی پرچموں سے سجایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں کارکنان کے بیٹھنے کے لیے کیمپس لگاکر قالین بچھائے گئے ہیں۔ مزار کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔
برسی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے 7 ہزارپولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جن میں خواتین کمانڈوز اور ٹریفک پولیس اہلکار شامل ہیں جلسے گاہ کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
جلسہ گاہ میں مختلف محکموں اور پیپلز پارٹی کی جانب سے استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔ برسی کی تقریبات میں شرکت کرنے کےلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت مرکزی قیادت لاڑکانہ پہنچ چکے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری پروگرام کے مطابق 27 دسمبر کودوپہر 1بجے جلسہ عام کا آغازہو گا ملک بھر سے آنے والے شاعر شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی یاد میں مقالے اور شاعری پیش کریں گے 3 بجے تقریروں کا آغاز ہو گا جبکہ پانچ بجے بلاول بھٹو زرداری،مریم نواز،عبد الغفور حیدری سمیت پی ڈی ایم کے قائدین جلسے سے خطاب کریں گے سات بجے تک جلسہ اختتام پذیر ہو گا۔