(24نیوز)کے الیکٹرک کی شنگھائی الیکٹرک پاور کو منتقلی 6 ماہ کے عرصے میں عمل میں آسکتی ہے۔اس کے حوالے سے بزنس پلان تیار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی الیکٹرک پاور ( ایس ای پی) کے حکام کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی منتقلی التوا میں چلے آرہے مسائل کے حل سے مشروط ہے۔ ماہ رواں کے دوسرے ہفتے میں وزیرتوانائی اور وزیرنجکاری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کے الیکٹرک کے شیئرز کی ایس ای پی کو منتقلی سے متعلق مسائل اور معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں چینی کمپنی کے حکام بھی وڈیولنک کے ذریعے شریک تھے۔چینی حکام کا کہنا تھا زیرالتوا ایشوز کی صورتحال ان پر بالکل واضح ہے۔ انھوں نے کہا کہ بزنس پلان تیار کرنے اور کے الیکٹرک کے ساتھ شیئر کی قیمت پر اتفاق ہونے میں تقریباً دو ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔
اس کے بعد تمام ریگولیٹری اور انتظامی اپروول کی تکمیل کے لئے مزید چار ماہ درکار ہوں گے یہ اجلاس کے الیکٹرک کے شیئرز کے منتقلی کے لئے نیشنل سکیورٹی سرٹیفکیٹ ( این ایس سی) کے اجرا سے متعلق زیرالتوا ایشوز پر غور کرنے اور اس سارے معالے میں ایس ای پی کے شامل کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔
دوران اجلاس وزیرتوانائی عمرایوب خان نے کہا کہ کے الیکٹرک سے متعلق تمام زیرالتوا مسائل کا حل تلاش کیا جارہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ Deed of Extinguishment (DoE) اور Deed of Undertaking (DoU) پر کے الیکٹرک اور شنگھائی الیکٹرک کے درمیان انتظامی سطح پر اتفاق ہوگیا ہے۔