عمران خان ناکارہ طالبعلم،نقل کے باوجود فیل ہے، سراج الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا وزیر اعظم عمران خان سے متعلق کہنا ہے کہ نااہل اور ناکام طالب علم نقل کرکے بھی فیل ہورہا ہے۔ تیاری نہیں تھی تو وزارت عظمیٰ کیوں لی۔ وزیراعظم کودوبارہ پرائمری میں ڈالاجائے۔عمران خان اور ان کی کابینہ نقل کے باجود فیل ہے۔
تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے لکی مروت میں جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں تیاری نہیں تھی، تیاری نہیں تو امتحان میں کیوں بیٹھ گئے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے متعلق انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے عوام کو دھوکے میں رکھا۔ پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھنا ہے۔ ایک طرف بلاول دوسری طرف مریم نواز ہوں تو اسلام ایسے لاگو نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پی ڈی ایم کی سیاست میں فرق ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی انگریز سامراج کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ جماعت اسلامی ذات پات اورموروثیت پریقین نہیں رکھتی۔ جماعت اسلامی اسلامی نظام کےنفاذ کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یہاں قاتلوں کو تحفظ ملتا ہے سزا نہیں۔ کراچی میں پولیس نے4سو لوگوں کو مارا ۔ غیرت اور ہمت والے نقیب اللّٰہ کو بھی مارا گیا۔ آج تک نقیب اللّٰہ کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا یہ نظام قاتلوں اور ظالموں کے لئے ہے۔ یہ نظام شوگر مافیا، لینڈ مافیا، آٹاچوروں کے لئے ہے۔ یہاں ان ظالموں کو کوئی سزا نہیں دے سکتا۔ ہم اسلامی نظام چاہتے ہیں جہاں قانون سب کے لئے یکساں ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے دباؤ ہے۔ آج ملک پر خطرات کے بادل ہیں۔ کشمیر کو حکومت نے انڈیا کے حوالے کیا۔ عمران خان نے کہا تھا کشمیر کا سفیر بنوں گا۔ کشمیر کے سفیر نے کشمیر کو مودی کے حوالے کیا۔