(24نیوز)ماہرہ خان نے مرینہ خان کی سالگرہ پر انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام تحریر کیا ۔ ماہرہ خان نے لکھا کہ دنیا کے لیے مرینہ خان پاکستان کی سب سے پیاری خاتون لیکن میرے لیے مرینہ میری اس انڈسٹری میں سب سے پہلی دوست ہیں۔
تفصیلا ت کے مطا بق ماہرہ خان کا مزید کہنا ہے کہ مرینہ خان اور ان کے شوہر وہ پہلے لوگ ہیں جنہوں نے مجھے اس انڈسٹری میں ہونے کا احساس کروایا اور مجھے خوش آمدید کہا۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں اس میں لاشعوری طور پر مرینہ خان اور ان کے شوہر کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ جس طرح میں اپنے آپ کو لے کر چلتی ہوں، اور میں جس طرح اپنے جونیئرز اور سینئرز کے ساتھ پیش آتی ہوں۔ جس طرح میں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کو سنبھالنے کی کوشش کرتی ہوں۔ یہ سب کچھ ان دنوں کی وجہ سے ہے جو میں نے مرینہ خان کے گھر پر گزارے۔مرینہ خان کا گھر جو ہمیشہ ہر کسی کے لیے کھلا رہتا ہے۔ جہاں میں بہت سے غیر معمولی لوگوں سے ملی۔ میں ہمیشہ اس بات کی شکرگزار رہوں گی کہ آپ دونوں میری زندگی میں ہیں۔ آخر میں ماہرہ خان نے مرینہ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔