(24 نیوز) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے قتل کو 15 برس بیت گئے مگر اس قتل کا معمہ تاحال حل نہیں ہوسکا، ملکی تاریخ کا یہ اہم کیس آج بھی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں زیر التواء ہے۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو لیاقت باغ میں تاریخی جلسہ کے بعد واپس جاتے ہوئے لیاقت باغ کے مرکزی گیٹ پر 27 کارکنوں سمیت 27 دسمبر 2007 کو خود کش حملے میں شہید ہوئیں۔
بینظیر بھٹو قتل کیس سے متعلق پولیس، ایف آئی اے، اسکاٹ لینڈ یارڈ، اقوام متحدہ سے 4 انکوائریاں ہوئیں، 7 چالان پیش کئے گئے، 12 ججز تبدیل ہوئے، 291 پیشیاں ہوئیں، 57 گواہ پیش ہوئے، جن میں سے 5 گرفتار شدگان کو پولیس نے اصل ملزم قرار دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ان پانچوں کو بے گناہ قرار دے کر بری کر دیا۔
عدالت نے 2 پولیس افسران اس وقت کے سی پی او سعو د عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو صرف ناقص سیکورٹی پر دس دس سال قید کی سزا دی، اس وقت یہ دونوں پولیس افسران ضمانت پر رہا ہیں۔
ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں 2023 جنوری کے آخر میں اس کیس کی سماعت متوقع ہے، دیکھنا یہ ہے ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرے گی۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، جلسہ عام سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین سابق صدرآصف علی زرداری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی کراچی سے 150 سے زائد بسوں پرمشتمل قافلے کے ساتھ لاڑکانہ گڑھی خدا بخش روانہ ہوئے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں 27 دسمبر کو دوپہر 2 بجے ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مزار پرچادر چڑھائی جائے گی۔
علاوہ ازیں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش بھٹومیں پیپلزپارٹی نے جلسے کا پنڈال تیارکرلیا ہے جبکہ گڑھی خدابخش بھٹو، نوڈیرو اور لاڑکانہ میں استقبالیہ کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں۔
جلسہ عام کے اطراف میں واک تھروگیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے ہیں، سیکیورٹی کے لئے 8 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
شہید بے نظیربھٹو کی برسی کے موقع پرکراچی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تعزیتی اجتماعات اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔