بلدیاتی انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں رواں ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے ہیں

Dec 27, 2022 | 14:43:PM

Read more!

(ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں رواں ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے  اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔کچھ دیر کے وقفے کے بعد الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سنادیا۔


الیکشن کمیشن نے 31 دسمبر کو ہونے والے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔سماعت کے دوران جماعت اسلامی کے وکیل حسن جاوید نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کے قیام کے 50 سال بعد بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے، اس کے بعد 2 سال سے اسلام آباد میں عوام کی نمائندگی نہیں۔ حسن جاوید کی دلیل پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ اس کے باوجود ہائی کورٹ نے ہمارا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔ جس پر حسن جاوید نے کہا کہ کمیشن کا فیصلہ اس نکتے پر کالعدم ہوا کہ حکومت کا مؤقف نہیں سنا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ نے یونین کونسلز کی تعداد کا جائزہ لینےکابھی کہا۔وکیل جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نےالیکشن کمیشن کااختیار محدود نہیں کیا، انتخابی عمل میں حکومت کی مداخلت نہیں ہوتی، اگر انتخابات سے ایک رات قبل نوٹی فکیشن آتا تو کیا پولنگ رک جاتی؟ پولنگ سے چند دن قبل انتخابات ملتوی کرنا عوام کی توہین ہوگی۔

ضرور پڑھیں :ن لیگی ایم این اے گرفتار
تحریک انصاف کی جانب سے بابر اعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کےنوٹی فکیشن کی مکمل حمایت کرتےہیں، یہ غلط فہمی ہے کہ بلدیاتی قانون میں ترمیم ہوچکی ہے۔سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے عدالت کو بتایا کہ یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ اسلام آباد کی آبادی میں اضافے کی وجہ سے ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن بڑی تعداد میں شہریوں کو ان کے حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتا، وفاقی ادارۂ شماریات نے اسلام آباد کی آبادی میں اضافے کا بتایا ہے۔

اشتر اوساف نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو بھی آبادی میں اضافے کا معاملہ دیکھنا چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی آبادی میں اضافے کو تسلیم کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نئے قانون کے مطابق اسلام آباد میں ازسرنو حلقہ بندیاں کرے، یونین کونسلز میں اضافے کے بعد ووٹر لسٹوں کو ازسرنو تشکیل دینا ہو گا.

بابر اعوان نے کہا کہ بلدیاتی قانون میں ترمیم پر ابھی تک صدر کے دستخط نہیں ہوئے، صدر مملکت 10 دن میں بل منظور یا پارلیمان کو واپس کرنے کے مجاز ہیں، یکم جنوری تک صدرکےپاس وقت ہے، بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم حکومت کی معاونت کی:اسد عمر 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے پر کہا کہ حکومت کی خواہش تھی کہ الیکشن سے بھاگا جائے ، اس کے لئے الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم حکومت کی معاونت کی۔
 
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ملتو ی نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن تو اپنے ہی فیصلے سے پیچھے ہٹ گیا۔ الیکشن کمیشن کو کیا فیصلہ کرنا تھا اس کا ہمیں اندازہ ہوگیا تھا ، ہم نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کاانتظار کیے بغیر ہی انٹرا کورٹ اپیل فائل کردی تھی۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم قانونی اختیار استعمال کرتے ہوئے اسلام آبادکے شہریوں کو فیصلے کا حق دینا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی میئر کوبراہ راست الیکشن سے لانے پر قانون سازی کرچکی تھی، ہم آرڈیننس لاچکے تھے جس میں یوسیز بھی بڑھادی گئی تھیں۔

مزیدخبریں