(عثمان دل محمد) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے قتل کو 15 برس بیت گئے مگر اس قتل کا معمہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔
بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی انکوائری کمیشن کے سربراہ اور بعد میں 'گیٹنگ اوے ود مرڈر' نامی کتاب لکھنے والے ہیرالڈو منیوز لکھتے ہیں کہ: '27 دسمبر کی صبح بے نظیر صبح ساڑھے آٹھ بجے بیدار ہوئيں۔ نو بجے انھوں نے ناشتہ کیا۔ ڈھائی گھنٹے بعد وہ امین فہیم اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر کے ساتھ افغان صدر حامد کرزئی سے ملنے گئیں۔ کرزئی اسلام آباد کے سرینا ہوٹل کی چوتھی منزل پر ٹھہرے تھے۔ ایک بجے وہ زرداری ہاؤس واپس آئیں۔ انھوں نے کھانا کھایا اور شام کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ لیاقت باغ میں دی جانے والی تقریر کو حتمی شکل دی۔'
سہ پہر کو بے نظیر گاڑیوں کے قافلے میں لیاقت باغ کے لیے روانہ ہوگئیں۔ اس قافلے میں سب سے آگے ٹویوٹا لینڈ کروزر میں پیپلز پارٹی کے سکیورٹی کے سربراہ توقیر کائرا تھے۔
ان کے بالکل پیچھے بے نظیر کی سفید رنگ کی لینڈ کروزر تھی اور دونوں طرف کائرا کی دو اور گاڑیاں چل رہی تھیں۔ ان گاڑیوں کے پیچھے زرداری ہاؤس کے دو ٹویوٹا وگو پک اپ ٹرک چل رہے تھے۔ ان کے پیچھے زرداری ہاؤس کی سیاہ مرسڈیز بینز تھی جو بلٹ پروف تھی اور ضرورت پڑنے پر بینظیر اسے بیک اپ گاڑی کے طور پر استعمال کرسکتی تھیں۔
بینظیر کی کار میں سامنے والی سیٹ پر ان کے ڈرائیور جاوید الرحمٰن اور دائیں جانب سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس میجر امتیاز حسین بیٹھے تھے۔ درمیانی نشست پر بائیں طرف پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما مخدوم امین فہیم، وسط میں بے نظیر اور دائیں جانب بینظیر کی پولیٹیکل سکریٹری ناہید خان بیٹھی تھیں۔
دو بج کر 15 منٹ پر بے نظیر کا قافلہ فیض آباد جنکشن پہنچا جہاں سے ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری راولپنڈی ڈسٹرکٹ پولیس پر آگئی۔ دو بج کر 56 منٹ پر بے نظیر کا قافلہ دائیں مڑ کر مری روڈ- لیاقت روڈ موڑ پر آیا اور لیاقت باغ کے وی آئی پی پارکنگ ایریا کی طرف بڑھنے لگا۔
اسی وقت بے نظیر کھڑی ہوئیں اور ان کے لینڈ کروزر کی چھت سے ان کا چہرہ ظاہر ہوا۔ وہ لوگوں کی طرف ہاتھ ہلا رہی تھیں اور ان کا سلام قبول کر رہی تھیں اور ان کی گاڑی لیاقت روڈ پر آہستہ آہستہ چل رہی تھی۔ بے نظیر کی حفاظت کرنے والے لوگوں نے ایک بار بھی انھیں نہیں روکا کہ اس طرح کھڑا ہونا خطرے سے خالی نہیں ہے۔
ہیرالڈو منیوز اپنی کتاب میں لکھتے ہیں: 'تین بج کر 16 منٹ پر بے نظیر کے قافلے کو پانچ سے چھ منٹ تک پارکنگ ایریا کے اندر والے گیٹ پر رکنا پڑا کیونکہ پولیس کے پاس گیٹ کھولنے کی چابی نہیں تھی۔ اس دوران بے نظیر مکمل طور پر غیر محفوظ اپنی گاڑی پر کھڑی رہیں اور ان کا چہرہ اسکیپ ہیچ کے باہر نظر آتا رہا۔'
اس کے بعد بے نظیر نے تقریبا دس ہزار لوگوں کے سامنے آدھے گھنٹے تک تقریر کی۔ اس دوران انھوں نے 17 بار اپنے والد کا نام لیا۔ تقریر ختم ہوتے ہی پورا علاقہ 'بے نظیر زندہ آباد' اور 'بے نظیر وزیر اعظم' کے نعروں سے گونج اٹھا۔
تقریر کے بعد بے نظیر اپنی گاڑی میں بیٹھ گئیں۔ ان کی کار کافی دیر تک رکی رہی کیونکہ ان کے حامیوں نے اسے چاروں طرف سے گھیر لیا تھا۔ بھیڑ کو دیکھ کر بے نظیر کھڑی ہوگئیں اور ان کے ایمرجنسی ہیچ سے ان کے سر اور کندھے نظر آنے لگے۔ اس وقت پانچ بج کر دس منٹ ہوئے تھے۔
اوون بینیٹ جونز لکھتے ہیں: ’صبح سے انتظار کرنے والے بلال کو محسوس ہوا کہ اس کا وقت آگیا ہے۔ وہ پہلے بے نظیر کی گاڑی کے سامنے گیا اور پھر اس کے بغل میں پہنچا جہاں کم لوگ تھے۔ اس نے اپنی پستول نکالی اور بے نظیر کے سر کا نشانہ لیا۔ ایک سکیورٹی گارڈ نے بلال کو روکنے کی کوشش کی۔ چونکہ وہ تھوڑی دوری پر تھا لہذا وہ صرف اس کے بازو کو چھو سکا تھا۔ بلال نے ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں تین فائر کیے۔ تیسری گولی کے چلتے ہی بے نظیر سکیپ ہیچ کے نیچے پتھر کی طرح اپنی گاڑی کی سیٹ پر گر پڑیں۔ جونہی وہ نیچے گریں، بلال نے خودکش بم بھی پھوڑ دیا۔'
جبکہ ہیرالڈو منیوز لکھتے ہیں: 'ناہید خان جو بینظیر کے دائیں طرف بیٹھی تھیں، انھوں نے مجھے بتایا کہ جیسے ہی انھوں نے تین گولیوں کی آواز سنی، بے نظیر نیچے گریں اور ان کے سر کا دایاں حصہ ان کی گود میں گرا۔ ان کے سر اور کان سے تیزی سے خون بہہ رہا تھا اور ان کے خون سے میرے سارے کپڑے تر ہوگئے۔ مخدوم امین فہیم جو بے نظیر کے بائیں طرف بیٹھے تھے انھوں نے بتایا کہ جب بینظیر گریں تو ان کے جسم میں زندگی کی کوئی علامت نہیں تھی۔ ان کی گاڑی میں کسی اور کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی۔'
وہاں ایک بھی ایمبولینس دستیاب نہیں تھی۔ بم دھماکے کی وجہ سے بے نظیر کی کار کے چاروں ٹائر پھٹ گئے تھے۔ ڈرائیور کار لوہے کی رم پر چلاتے ہوئے اسے راولپنڈی جنرل ہسپتال کی طرف لے گیا۔
لیاقت روڈ پر 300 میٹر چلنے کے بعد اس نے اسی حالت میں کار کو بائیں طرف موڑ دیا۔ کار اسی حالت میں کچھ کلومیٹر تک چلتی رہی۔ ایک جگہ جب لینڈ کروزر نے یو ٹرن لینا چاہا تو وہ رک گئی اور آگے نہیں بڑھ سکی۔ جائے وقوعہ پر موجود دو کمانڈو گاڑیوں نے بے نظیر کی گاڑی کے پیچھے چلنے کی کوشش کی لیکن وہ آگے کی لاشوں اور زخمی افراد کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ سکے۔
ناہید خان نے اوون بینیٹ جونز کو بتایا: 'ہمارے سامنے بے نظیر کو ٹیکسی میں ہسپتال لے جانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، پولیس کو کچھ پتہ نہیں تھا۔ ہم ٹیکسی کا انتظار کر رہے تھے کہ دو یا تین منٹ میں ایک جیپ آ کر رکی۔ ہم بے نظیر کو اس جیپ میں ہسپتال لے گئے۔ وہ جیپ بے نظیر کی ترجمان شیریں رحمان کی تھی۔' ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ سب حملے کے 34 منٹ بعد ہسپتال پہنچے۔
ہسپتال پہنچنے کے فورا بعد بے نظیر کو سٹریچر پر پارکنگ ایریا کے اندر لے جایا گیا۔ ان کی نہ تو نبض چل رہی تھی اور نہ ہی وہ سانس لے رہی تھیں۔ ان کی آنکھوں کی پتلیان ایک جگہ ٹھہری تھیں اور ٹارچ کی روشنی سے بھی ان میں کوئی حرکت نہیں تھی۔ ان کے سر سے مسلسل خون نکل رہا تھا اور وہاں سے ایک سفید مادہ نکل آیا تھا۔
موت کے مکمل شواہد کے باوجود ڈاکٹر سعیدہ یاسمین نے انھیں بچانے کی پوری کوشش کی۔ تھوڑی ہی دیر میں ڈاکٹر اورنگزیب خان بھی ان کی مدد کو پہنچے۔ ایک منٹ کے اندر ان کے گلے میں ایک ٹیوب ڈالی گئی۔
پانچ بج کر 50 منٹ پر ہسپتال کے سینیئر فزیشین پروفیسر مصدق خان نے وہاں پہنچ کر چارج سنبھال لیا۔ بے نظیر کی ناک اور کان سے خون بہہ رہا تھا۔ حملے کے پچاس منٹ بعد، چھ بجنے سے کچھ منٹ پہلے ڈاکٹر انھیں آپریشن تھیٹر لے گئے۔
پروفیسر مصدق خان نے ان کا سینہ چاک کیا ان کے دل کی اپنے ہاتھوں سے مالش کرنے لگے۔ لیکن ان میں کوئی حرکت نہیں ہوئی۔ چھ بج کر 16 منٹ پر بے نظیر کو مردہ قرار دیا گیا۔
سارے مردوں کو آپریشن تھیٹر سے باہر جانے کے لیے کہا گیا۔ ڈاکٹر قدسیہ انجم قریشی اور نرسوں نے ان کے جسم کو صاف کیا اور سر کی چوٹ پر پٹی لگائی۔ ان کے خون سے بھیگے ہوئے کپڑے اتار دیئے گئے اور انھیں ہسپتال کے کپڑے پہنا دیے گئے۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ جب بینظیر ہسپتال پہنچیں تو ان کے جسم پر کوئی دوپٹہ نہیں تھا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آخر دوپٹہ کہاں گیا۔ ان کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ نمبر 202877 میں موت کی وجہ کے کالم میں لکھا گیا کہ 'پوسٹ مارٹم کے بعد علم ہوگا۔'
ڈاکٹر مصدق خان نے پولیس چیف سعود عزیز سے تین بار پوسٹ مارٹم کی اجازت طلب کی لیکن انھوں نے تین بار اس کی اجازت نہیں دی۔ بعد میں انھوں نے یہ کہتے ہوئے فیصلے کا دفاع کیا کہ انھیں بے نظیر کے اہل خانہ سے اجازت نہیں ملی ہے۔ جب ہسپتال کے باہر بینظیر کی موت کا اعلان کیا گیا تو وہاں کھڑے ہجوم کے منہ سے ایک آہ نکلی۔
وہ حیران اور غمزدہ بھی تھے کہ ایک اور بھٹو نے پرتشدد موت کو گلے لگایا تھا۔ بے نظیر کے والد ذوالفقار علی بھٹو کو فوجی حکومت نے پھانسی دے دی تھی۔ ان کے ایک بھائی شاہنواز زہر کی وجہ سے موت ہوئی اور دوسرے بھائی مرتضی کی گولی لگنے سے موت ہوگئی۔
رات دس بج کر 35 منٹ پر بے نظیر کی نعش کو لکڑی کے تابوت میں رکھ کر قریبی چکلالہ ائیربیس لے جایا گیا۔ 28 دسمبر کی رات ایک بجے ان کی میت ان کے شوہر آصف علی زرداری کے حوالے کر دی گئی جو چند منٹ قبل دبئی سے وہاں پہنچے تھے۔ 28 دسمبر 2007 کو لاڑکانہ میں گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کو سپرد خاک کیا گیا۔
18 اکتوبر 2007 کو وطن واپسی کے بعد بے نظیر کی زندگی کو مسلسل خطرات لاحق رہے وہ انتخابات سے قبل 18 اکتوبر 2007 کو زندگی کو لاحق خطرات پر سابق فوجی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا انتباہ بھی نظرانداز کر کے لوٹ آئی تھیں۔
وہ واپسی کے بعد اپنے جلوسوں پر دو بڑے خودکش حملے سہہ گئیں جن میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، اکثریت پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی رہی، حملوں کے کچھ دنوں بعد انہوں نے متعلقہ حکام کو بھیجے گئے خط میں ان افراد کی نشاندہی کی جن پر شک کیا جاسکتا تھا۔
ان میں سابق فوجی سربراہ مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف، آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل، پرویز مشرف کے قریبی معاون بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی وغیرہ شامل ہیں۔
ملکی تاریخ کا یہ اہم کیس آج بھی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں زیر التواء ہے۔ بینظیر بھٹو قتل کیس سے متعلق پولیس، ایف آئی اے، اسکاٹ لینڈ یارڈ، اقوام متحدہ سے 4 انکوائریاں ہوئیں، 7 چالان پیش کئے گئے، 12 ججز تبدیل ہوئے، 291 پیشیاں ہوئیں، 57 گواہ پیش ہوئے، جن میں سے 5 گرفتار شدگان کو پولیس نے اصل ملزم قرار دیا جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ان پانچوں کو بے گناہ قرار دے کر بری کر دیا۔
عدالت نے 2 پولیس افسران اس وقت کے سی پی او سعو د عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو صرف ناقص سیکورٹی پر دس دس سال قید کی سزا دی، اس وقت یہ دونوں پولیس افسران ضمانت پر رہا ہیں۔ ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں 2023 جنوری کے آخر میں اس کیس کی سماعت متوقع ہے، دیکھنا یہ ہے ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرے گی۔