بجلی کی مد میں گردشی قرض 2 ہزار 500 ارب ہوچکا ہے،شہباز شریف

Dec 27, 2022 | 18:50:PM

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی مد میں گردشی قرضہ 2 ہزار 500 ارب روپے ہو چکا ہے ،وفاقی حکومت کا پی ایس ڈی پی 7 سو ارب روپے ہے،روس، یوکرین جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جس سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو چیلنجز کا سامنا ہے۔
شمسی توانائی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جس کی وجہ سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس سال 27 ارب ڈالر کا ایندھن خریدنا پڑا جو کہ پاکستان جیسے ملک کےلئے بڑا چیلنج ہے اور اس کے علاوہ جنگ کے نتیجے میں گیس کی سپلائی میں بھی خلل آیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ اس جنگ کے باعث گیس کی نرخوں میں بھی اضافہ ہوا ہے،یورپ کو جانے والی گیس میں خلل آنے سے ترقی یافتہ ممالک منہ مانگی نرخوں پر گیس خرید رہے ہیں جس سے پاکستان جیسے ملک کےلئے مزید مشکلات بڑھ رہی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وباءمیں جب گیس اور تیل کی قیمتیں بالکل نیچے آگئی تھیں تو اس وقت کی حکومت نے غفلت کی اور اس پر کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی اور اب صورتحال یہ ہے کہ گیس ملنا محال ہوگیا ہے جبکہ تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 15 برس میں کسی حکومت نے اصلاحات نہیں کیںجس سے گردشی قرضہ بڑھتا گیا اور مہنگی بجلی بنائی جاتی رہی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی مد میں 25 سو ارب روپے کا گردشی قرض ہو چکا ہے جبکہ وفاقی حکومت کا پی ایس ڈی پی 7 سو ارب روپے ہے، مزید کہا کہ اب گیس کا بھی گردشی قرضہ بڑھنے شروع ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹربینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر نے روپے کو پچھاڑ دیا، بڑی خبر

مزیدخبریں