(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم پنجاب اسمبلی کے ٹوٹنے سے خائف نہیں ہیں ،ہمارے پاس آئینی طریق کار ہے جس کا استعمال کر کے ہم اس کو روک رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی توڑنے کے عمل میں ہم شامل نہیں ،لاہور ہائی کورٹ 11 جنوری کو جو فیصلہ کرے گی ہمیں منظور ہے ،پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے،اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ یہ حکومت کا حق ہے ہم نے فیصلہ کیا کہ یونین کونسلز کی تعداد زیادہ ہونی چاہئے ،رانا ثنااللہ نے اسلام آباد میں براہ راست میئر کے الیکشن کروانے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میئر کا الیکشن ہو تو اچھی بات ہے ،پی ٹی آئی خود بھی اس کا مطالبہ کر چکی ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے فیصلہ خوش آئند ہے،پی ٹی آئی کو فیصلہ منظور نہیں تو اداروں کیخلاف مہم کی بجائے سپریم کورٹ میں جا کر اپیل کرے ،جب تک چارٹر آف اکانومی نہیں ہو گا معیشت درست نہیں ہو سکتی،عمران خان کے ٹولے نےمعیشت کی تباہی نکال دی ہے۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ معیشت پر سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہو گا یہ کسی ایک کے بس کی بات نہیں،اسلام آباد خودکش حملے کے تمام ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا،دہشتگردوں کے ہینڈلرز تک بھی پہنچ چکے ہیں اور اب یہ کیس حل ہو گیاہے،دہشتگردوں کا تعلق کرم ایجنسی سے تھا،راولپنڈی اور وہاں سے ٹیکسی میں اسلام آباد داخل ہوئے،گرفتار ملزموں سے تفتیش جاری ہے جلد تمام حقائق سامنے رکھیں گے۔