محترمہ بینظیر بُھٹو کی 16 ویں برسی، آصف زرداری اور بلاول کا مشن کی تکمیل کا عزم

Dec 27, 2023 | 00:45:AM

(ویب ڈیسک) مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی آج 16ویں برسی منائی جارہی ہے، آج کے دن پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

بینظیر بھٹو کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں 27 دسمبر 2007ء کو اس وقت گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا تھا جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے میں شرکت کیلئے وہاں آئی تھیں۔ اس کے بعد وہاں خود کش دھماکا بھی ہوا تھا۔

بینظیر بھٹو شہید کی 16 ویں برسی پر سابق صدر مملکت آصف زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سابق صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کے مشن کے مطابق بااختیار پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

سابق صدر مملکت نے کہاکہ ملک سے غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا، اس مشن کی تکمیل پاکستان پیپلز پارٹی کی پہلی ترجیح ہے، بی بی نے زندگی بھر خوف اور دہشت کیخلاف مزاحمت کا پرچم مضبوطی سے تھام کر رکھا۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نہ آمروں سے ڈریں اور نہ ہی شدت پسندوں سے خوفزدہ ہوئیں، ان کی بہادری پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی میراث ہے۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب یہ ملک بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنے گا جس میں مزدور اور کسان خوشحال ہوگا۔

بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نا صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں۔ بی بی شہید کی حب الوطنی، پائیدار جدوجہد اور ثابت قدم قیادت کے نقوش قوم کے دل و دماغ میں ہمیشہ انمٹ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری والدہ ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے عظیم مقصد کیلئے ہمیشہ پُرعزم رہیں۔ بینظیر بھٹو پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے ہم آہنگی کی زنجیر تھیں۔ ان کا بہیمانہ قتل ایک مذموم سازش تھی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کے قتل کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا۔ شہید محترمہ کے قتل کے ذریعے روشن خیال، اعتدال پسندی اور جمہوری معاشرے کے قیام کی حکمت عملی کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم قوم کو بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دے کر ملکی دفاع کو مزید مضبوط کیا۔ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت افروز امنگوں اور مشن کا عکس ہوگا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی شہید قیادت کے فلسفے پر سختی سے کاربند رہے گی۔ ہم ان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔

مزیدخبریں