(وقاص عظیم) وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کر دی جس میں کہا گیا کہ ملکی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت کی بتدریج بحالی کا عمل جاری ہے، نومبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، زرعی شعبہ کی کارکردگی مثبت دکھائی دے رہی ہے، ربیع سیزن کے پیداواری اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، پنجاب میں گندم کے پیداواری رقبے میں دو فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ، خریداروں کو بڑا جھٹکالگ گیا
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جولائی سے نومبر تک غیر ملکی سرمایہ کاری میں 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے، نومبر میں ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 3.6 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے اکتوبر تک اخراجات میں 35 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران جاری اخراجات میں 44 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے اکتوبر تک سود ادائیگیوں 63 فیصد اضافہ ہوا، دسمبر میں مہنگائی 28.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
آئندہ سال سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری 2024 میں مہنگائی 25 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، اگست 2023 سے برآمدات ماہانہ بنیادوں پر تین ارب ڈالرز سے زائد رہیں، جولائی سے نومبر تک برآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے نومبر تک درآمدات 16 فیصد کم ہوئیں، اس دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 64.5 فیصد کم ہوا، جولائی سے اکتوبر تک بجٹ خسارے میں 31.9 فیصد کمی ہوئی۔