35 افراد کو گاڑی تلے کچلنے والے کو سزائے موت سنا دی گئی

Dec 27, 2024 | 22:14:PM
35 افراد کو گاڑی تلے کچلنے والے کو سزائے موت سنا دی گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) چین کی عدالت نے تیز رفتار گاڑی لوگوں پر چڑھا کر 35 افراد کو ہلاک کرنے کے جرم میں ایک شخص کو سزائے موت سنا دی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق چین کے جنوبی شہر ژوہائی میں نومبر میں 62 سالہ فین نامی شخص نے جان بوجھ کر ایک تیز رفتار کار اسپورٹس سینٹر کے باہر ورزش کرنے والوں پر چڑھادی تھی۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس نے مجرم کو زخمی حالت میں گاڑی سمیت گرفتار کر لیا تھا، چین کے سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق جمعہ کے روز عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد مجرم کو سزائے موت سنائی۔ 

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مجرم کے ارادے انتہائی خطرناک تھے اور جرم کی نوعیت بہت سنگین تھی جو معاشرے کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سماعت کے دوران مجرم فین نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور مرنے والوں کے اہل خانہ، سرکاری عہدیداروں اور شہریوں سے معافی مانگی۔ 

عدالت میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ فین نے یہ عمل اپنی طلاق اور جائیداد کی تقسیم کے معاملے پر عدم اطمینان کی بنا پر کیا تھا۔

 یاد رہے کہ 12 نومبر کو ژوہائی میں تیز رفتار گاڑی اسپورٹس سینٹر کے باہر لوگوں پر چڑھ دوڑی تھی، جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 43 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل نے غزہ میں ہسپتال کے قریب بم برسا دئیے، 45 افراد شہید