(24 نیوز)ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے اپنے پیشرو ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین کارڈز اور ورک ویزا کی اجرا پر عائد کردہ پابندیوں کو ختم کردینے کے احکامات جاری کئے ہیں ،اب انتہائی ماہر ورکرز کےلئے مستقل رہائش کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید بتایا ہے کہ صدر امریکہ کی جانب سے امیگریشن نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اس مقصد کےلئے وہ مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔امریکہ میں انتہائی ماہر ورکرز کے قیام کو یقینی بنانے کےلئے بھی وہ اقدامات پر غور کر رہے ہیں تاکہ امریکہ میں ایسے ورکرز جو کہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں، ان کے مستقل قیام کویقینی بنانے کی راہ ہموار ہوسکے ۔اس سلسلہ میں مناسب طریقہ کار اختیار کیا جارہاہے۔ہم نئی پالیسی کو روبہ عمل لانے کے تعلق سے ڈیموکریٹس اور ریپبلیکنز سے بھی مشاورت کر رہے ہیں‘تاکہ ہمارے مقاصد کی تکمیل کی راہ ہموار ہوسکے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے بتایا ہے کہ تمام بے قاعدگیوں کو ختم کرتے ہوئے نیا طریقہ روبہ عمل لایا جائے گا۔اس مقصد کےلئے تمام امور قانونی طورپر تکمیل کئے جائیں گے۔ دوسری جانب سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے ویزا آپریشنز کو معمول کے مطابق بنایا جائے گا‘کیونکہ صدر امریکہ نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کردئیےہیں۔اب جبکہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین کارڈز اور ورک ویزا کی اجرا پر عائد کردہ پابندی کو برخواست کردیا گیا ہے ‘ہم اس سلسلہ میں ایسا طریقہ اختیار کریں گے جو کہ قانونی نوعیت سے بہتر اور پیچیدگیوں سے دور رہے۔