حمزہ شہباز رہا,مریم نواز نے استقبال کیا،کارکنوں کا جشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پنجاب میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے سینئر رہنما حمزہ شہباز تقریباً 20 ماہ کی جیل کاٹنے کے بعد آج کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوگئے۔ احتساب عدالت کے جج اکمل خان نے حمزہ شہباز کی رہائی کی روبکار پر دستخط کئے تھے۔ لیگی رہنما کے استقبال کی بھر پور تیاریاں کی گئیں۔نائب صدر ن لیگ مریم نواز چچا زاد بھائی کی جیل سے رہائی کے موقع پر استقبال کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئی ہیں۔کارکنوں کا جشن،حمزہ حمزہ کے نعرے لگاتے رہے۔
صوبائی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے موقع پر مریم نواز خود استقبال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز براستہ کچا جیل روڈ ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ جائیں گے، ان کا مختلف استقبالی کیمپس کے ذریعے بھرپور استقبال کیا جائے گا اور وہ ایک ریلی کی صورت میں جیل سے رہائش گاہ جائیں گے۔
(ن) لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ متعلقہ احتساب عدالت میں پہنچ چکا تھا جبکہ ان کے ضمانتی مچلکے بھی احتساب عدالت میں پہنچ چکے تھے، مچلکوں کی سکروٹنی کا کام بھی مکمل کر لیا گیا تھا ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) لاہور کی تنظیم اپنے قائد کی 20 ماہ بعد جیل سے رہائی پر ان کا بھرپور استقبال کرنا چاہتی ہے جس کےلئے جمعہ کے روز ان کی تیاری نہ تھی اور اب انہوں نے حمزہ شہباز کی رہائی کے موقع پر بھرپور استقبال کرنے کے لئے روبکار ہفتے کے روز جاری کروانے کی ہدایات کیں ۔
گزشتہ روز حمزہ شہباز کی کوٹ لکھپت جیل سے ممکنہ رہائی کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد کوٹ لکھپت جیل کے باہر اپنے قائد کی رہائی کا انتظار کرتی رہی، (ن) لیگی کارکنوں نے اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی ۔
واضح رہے کہ جمعة المبارک کے پیش نظر احتساب عدالت کا وقت دوپہر 1 بجے تک تھا جبکہ لاہور ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ اور مچلکے دیر سے احتساب عدالت میں جمع کروائے گئے، حمزہ شہباز کی رہائی پر عملدرآمد کے حوالے سے رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے بذریعہ ٹیلی فون حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کے احکامات کی تصدیق بھی کی۔