جمال خاشقجی قتل کیس، سعودی عرب نے امریکی رپورٹ کو مسترد کر دیا

Feb 27, 2021 | 13:20:PM

(24نیوز)سعودی عرب نے امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا حکم  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے  نہیں دیا تھا یہ صرف الزام ہے۔ 

امریکا نے جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق اپنی رپورٹ جمعے کو جاری کی تھی۔ رپورٹ میں محمد بن سلمان کو انٹیلی جنس ایجنسیز اور سکیورٹی فورسز پر جو اختیار حاصل ہیں اس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی منظوری کے بغیر وہ اس طرح کا آپریشن انجام نہیں دے سکتے تھے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ میں غلط معلومات شامل ہیں اور اس نے خاشقجی کے قاتلوں پر مقدمہ چلانے کے لئے تمام ضروری عدالتی اقدامات کئے۔ بیان کے مطابق "سعودی سلطنت کی عدالتوں نے متعلقہ افراد کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے انہیں سزائیں سنائیں اور خود جمال خاشقجی کے اہل خانہ نے ان سزاؤں کا خیر مقدم کیا تھا۔

واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ صحافی جمال خاشقجی شہزاد ہ محمد بن سلمان کی پالیسیوں اور اقتدار پر ان کی گرفت پر نکتہ چینی کے لئے معروف تھے۔ انہیں 2018 میں استنبول میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے اندر قتل کر دیا گیا تھا۔ سعودی عرب نے اس قتل کے لئے پانچ افراد کو بیس بیس برس قید کی سزا سنائی تھی۔

مزیدخبریں