آپ کراچی سے باہر نہیں جا سکتے۔۔۔ ارکان اسمبلی پر پابندی عائد 

Feb 27, 2021 | 15:00:PM

(24 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے سینٹ انتخابات کے پیش نظر اپنے ارکان سندھ اسمبلی کے کراچی سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی۔

 تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن کی تاریخ جوں جوں قریب آرہی ہے ہر جماعت اپنے امیدوار کی جیت کے لئے تگ و دو کر رہی ہے اور اپنے ارکان پر نظر رکھتے ہوئے روابط کو تیز کررہی ہے۔ اس حوالے سے سینیٹ الیکشن میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے ارکان سندھ اسمبلی کے کراچی سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔پیپلزپارٹی کی قیادت نے تمام صوبائی وزراء کو کراچی سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی ہے اور  ارکان سندھ اسمبلی کو عمومی سرگرمیاں بھی محدود رکھنے کو کہا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی ارکان سندھ اسمبلی کو کراچی میں متحرک رکھنے کے لئے دعوتوں کا اہتمام کیا جائے گا، اس حوالےسے صوبائی صدر نثار کھوڑو 28 فروری کو سندھ سے سینیٹ امیدواروں اور ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، یکم مارچ کو صوبائی وزیر امتیاز شیخ کی جانب سے دعوت کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ  2 مارچ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیپلزپارٹی کےممبران صوبائی اسمبلی کو مدعو کیاگیا ہے۔ مزید برآں سندھ اسمبلی کی دو پارلیمانی جماعتوں تحریک لبیک پاکستان اور ایم ایم اے کے 4 ارکان سے بھی پیپلزپارٹی کی قیادت نے رابطہ کیا ہے اور ان چاروں ارکان سے سینیٹ کی جنرل اور خواتین نشستوں پر ووٹ کی درخواست اور حمایت کی اپیل کی ہے۔

 

مزیدخبریں