(24نیوز)گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا ہے کہ ہمیں پی ڈی ایم سے نہیں، مہنگائی ، بے روزگاری اور گورننس کے ایشوز سے خطرہ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، پاک فوج 22 کروڑ عوام کی فوج ہے کسی ایک سیاسی جماعت کی نہیں، حکومت کسی بھی پارٹی کی ہو اداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، ہم فوج اور دیگر قومی اداروں کی غیر جانبداری پر یقین رکھتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سینٹ کے لیے جس کا جو حق بنتا تھا وہ اس کو ملا، پنجاب سے سینٹ میں حکومت کی 6 اور اپوزیشن 5 سیٹیں بنتی تھیں، حکومت نے طے کیا کہ ہم اضافی امیدوار کھڑا نہیں کریں گے، ساتویں سیٹ جیتنے کی کوشش کرتے تو ہارس ٹریڈنگ ہوسکتی تھی، قومی اسمبلی میں جو اکثریتی ووٹ لے گا وہ جیتے گا۔
چودھری سرور نے کہا کہ ہمیں پی ڈی ایم سے نہیں، مہنگائی اور بے روزگاری اور گورننس کے ایشوز سے خطرہ ہے، عمران خان نے یہ چیلنج قبول کئے ہیں وہ اس میں بہتری لارہے ہیں۔