سینیٹ الیکشن میں مداخلت پر گورنر سندھ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

Feb 27, 2021 | 21:53:PM

(24نیوز)پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان اور سینیٹ امیدواروں کے اعزاز میں ظہرانے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کےخلاف الیکشن کمیشن کو شکایتی خط پی پی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے لکھاہے، خط میں کہاگیاہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیان دیا کہ امیدواروں کا انتخاب گورنر سندھ نے کیا، اس بیان کے تناظر میں پی پی رہنما نے کہا کہ گورنر سندھ کا سینیٹ امیدواروں کی سلیکشن کرنا الیکشن کمیشن کے قوانین کے خلاف ہے۔
انھوں نے لکھا پی ٹی آئی رہنماؤں کا بیان سینیٹ الیکشن میں گورنر کی مداخلت ثابت کرتا ہے، گورنر ہاؤس میں سینیٹ امیدواروں کا اجلاس رول پانچ کی صریح خلاف ورزی ہے۔خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر ہاؤس کا سیاسی استعمال الیکشن کمیشن کے قواعد کے خلاف ہے، گورنر سندھ نے عہدے کو نہ صرف استعمال کیا بلکہ سینیٹ الیکشن میں مداخلت کی۔
خط میں پیپلز پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گورنر ہاو¿س کا اس طرح سے استعمال تشویش ناک ہے، الیکشن کمیشن قواعد کی خلاف ورزی پر سیکشن 234 کے تحت ایکشن لے۔

مزیدخبریں