29 فلسطینیوں کو دوران نماز شہید کرنےوالے یہودی کی قبر پر شراب کی محفل ، ناچ ناچ کر خراج عقیدت پیش کیا گیا

Feb 27, 2021 | 22:57:PM

  (24نیوز)مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع تاریخی مسجد ابراہیمی میں 27 سال قبل 29 نمازیوں کو شہید کرنے والے ایک یہودی دہشت گرد باروکھ گولڈچائن کی قبر پر یہودی آباد کاروں نے شراب کی محفل منعقد کی اور قبر پر خوب ناچ گانا بھی کیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق گولڈ چائن کی قبر کے قریب کریات اربع یہودی کالونی میں شراب اور ناچ گانے کی اس محفل کے انعقاد کا مقصد فلسطینی نمازیوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کرنے والے یہودی دہشت گرد کو خراج عقیدت پیش کرنا اور اس کی خدمت پر اسے یاد کرنا تھا۔

یہ محفل ایک ایسے وقت میں منعقد کی گئی جب کہ 26 فروری کو مسجد ابراہیمی پر گولڈچائن کے حملے کو 27 سال پورے گئے۔ اس کے علاوہ یہودی اپنا ایک مذہبی تہوار بھی منا رہے ہیں۔ 
یہودی انتہا پسند کی قبر کے قریب ہونے والی تقریب میں فوجی وردی میں ملبوس متعدد اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔یہودی آباد کاروں کی طرف سے گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر آباد کاروں کو دعوت دی تھی کہ وہ گولڈچائن کے ساتھ اظہار ہمدردی اوراس کے ساتھ اظہار محبت کے لیے ہونے والی تقریب میں شرکت کریں۔
خیال رہے کہ 26 فروری 1994 کو غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں واقع تاریخی مسجد ابراہیمی میںایک یہودی دہشت گرد باروکھ گولڈچائن نے مسجد میں گھس کر نماز میں مصروف فلسطینیوں پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں 29 نمازی شہید اور 150 زخمی ہوگئے تھے۔ نمازیوں کے قتل عام کے روز یہودی دہشت گردوں کی دیگر کارروائیوں اور فلسطینیوں پر حملوں میں 60 فلسطینیوںکو شہید کردیا گیا تھا۔

مزیدخبریں